ایران کو زمین اور فضا میں جواب دینے کے لیے تیار ہیں: اسرائیلی وزیر دفاع

تاثیر،۱۳       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب،13اپریل:اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے کہا ہے کہ ایران کے مقابلے میں اسرائیل اور امریکہ ساتھ ساتھ کھڑے ہیں۔ یاد رہے ایران نے دمشق میں اپنے قونصل خانے کو نشانہ بنانے والے حالیہ اسرائیلی حملے کا جواب دینے کی دھمکی دے رکھی ہے۔گیلنٹ نے اسرائیل کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل ایرک کوریلا سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ ہمارے دشمن سمجھتے ہیں کہ وہ اسرائیل اور امریکہ کے درمیان فاصلہ بڑھا سکتے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ہمارے دشمن ہمیں ایک دوسرے کے مزید قریب لا رہے اور ہمارے تعلقات کو مضبوط کر رہے ہیں۔انہوں نے ممکنہ ایرانی خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون میں ہیں اور زمین اور فضا میں اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ کس طرح جواب دینا ہے۔اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرزی ہیلیوی نے جمعہ کو کہا کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت اور کسی بھی منظر نامے کے مطابق ایرانی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ قبل ازیں امریکی صدر بائیڈن نے ایران کا مقابلہ کرنے میں اسرائیل کے لیے اپنی ’مضبوط‘حمایت کا یقین دلایا۔
واضح رہے ایران نے یکم اپریل کو دمشق میں اپنے قونصل خانے کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی حملے کے بعد تل ابیب کو “سزا” دینے کا وعدہ کیا ہے۔ قونصل خانے پر حملے میں پاسداران انقلاب کے 7 ارکان سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ ایران اور شام نے اس حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے۔ حملے میں اسرائیل کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔