آسٹریلیا میں لوگ اپنے پیاروں کے کھونے کے غم میں ڈوبے

تاثیر،۱۵       اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

سڈنی، 15 اپریل : آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے نواحی علاقے بونڈی جنکشن کے لوگ اب بھی اپنے پیاروں کے کھو نے کے غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ایک سر پھرے چاقوباز کے حملے میں چھ افراد کی موت سے لوگ سنبھل نہیں پا رہے ہیں۔ اتوارکے روز واقع ہوئے اس واقعہ کے ایک دن بعد، لوگ بونڈی جنکشن پر بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور مرنے والوں کی روح کی تسکین کے لیے بنائی گئی یادگار پر پھول چڑھائے۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس جان لیوا حملے سے آسٹریلیا سہم گیاہے۔ آسٹریلوی پولیس ابھی تک سڈنی میں قاتل کے مقاصد سمجھ نہیں سکی ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ حملہ آور مارا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ وہ ذہنی مریض تھا۔ دل دہلا دینے والا واقعہ مشہور بونڈی بیچ کے قریب ایک اعلیٰ درجے کے مضافاتی مال میں پیش آیا۔ ایک سرپھرے چاقو بردار نے نو ماہ کی بچی سمیت 20 کے قریب افراد کو زخمی کر دیا۔ ان میں سے چھ افراد کی موت ہو گئی۔
اخباری رپورٹ کے مطابق اس حملے نے سوال کھڑے کر دیے ہیں کہ آسٹریلیا جو کہ اپنے پختہ حفاظتی انتظامات کے لیے جانا جاتا ہے، میں اتنا بڑا سانحہ کیسے ہو سکتا ہے۔ یہ 2017 کے بعد ملک میں بڑے پیمانے پر تشدد کا سب سے مہلک واقعہ ہے۔