تاثیر،۱۵ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 15 اپریل: بنگلورو دھماکہ کیس میں مغربی بنگال سے دو دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد اب ایک نیا انکشاف ہوا ہے۔ جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نہ صرف دو بلکہ تیسرا دہشت گرد مزمل شریف بھی کولکاتا میں چھپا ہوا ہے۔ دھماکے کے بعد وہ کولکاتا فرار ہو گیا اور جب وہ چنئی گیا تو اسے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے بعد اس نے کولکاتا میں چھپے دو دیگر دہشت گردوں عبدالمتین احمد طحہ اور مصور حسین شاہزیب کو پیغام دیا تھا کہ کولکاتا محفوظ نہیں ہے اس لیے کہیں اور بھاگ جائیں۔ اس سے پہلے کہ وہ دونوں فرار ہوتے، این آئی اے نے مغربی بنگال سمیت دیگر ریاستوں کی پولیس کے ساتھ مل کر ان دونوں کو کنتھی کے نیو دیگھا سے گرفتار کرلیا۔مرکزی ایجنسی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نیو دیگھا جانے سے پہلے رامیشورم کیفے بلاسٹ کیس کے ملزم طحہ اور شاہزیب کولکاتا میں تھے اور کچھ دنوں تک دھرمتلہ کے دو ہوٹلوں میں ٹھہرے تھے۔ تفتیشی افسران کو معلوم ہوا کہ مزمل کولکاتا آیا تھا اور انہیں رقم دی تھی۔ جب وہ 28 مارچ کو چنئی واپس آنے کے بعد این آئی اے کے ہاتھوں پکڑا گیا، طحہ اور شاہزیب دھرمتلہ کے ہوٹل سے نکل کر اقبالپور کے ایک گیسٹ ہاؤس پہنچ چکے تھے۔ کیونکہ وہ زیادہ دیر تک کسی جگہ نہیں ٹھہرے۔انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق کولکاتا چھوڑنے کے احکامات ملنے کے بعد وہ سب سے پہلے ہاوڑہ گئے۔ حالانکہ وہ آسانی سے دھرمتلہ سے دیگھا تک بس لے سکتے تھے لیکن اس نے ہاوڑہ کا انتخاب کیا۔ این آئی اے کو دونوں کے ہاوڑہ اسٹیشن پہنچنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ملی تھی۔ اس سے اہلکاروں کو معلوم ہوا کہ وہ دیگھا گئے تھے اور 28 مارچ سے گرفتاری تک کنتھی، دیگھا کے ہوٹلوں میں چھپے ہوئے تھے۔مزمل کی گرفتاری کے بعد تفتیش کار ابتدا میں اس بات پر تذبذب کا شکار تھے کہ کولکاتا میں یہ حکم کس کی طرف سے آیا تھا، لیکن بعد میں انہوں نے تصدیق کی کہ اس نے یہ کام “الہند ماڈیول” کے کسی فرد کے حکم پر کیا تھا۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ رانچی سے مغربی بنگال میں داخل ہوتے وقت پرولیا میں ان دونوں نے ایک فون استعمال کیا تھا جو انہیں مقامی ماڈیول سے فراہم کیا گیا تھا۔ اب مغربی بنگال پولیس نے اس کی جانچ شروع کردی ہے۔

