تاثیر،۱۶ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ادھر سلمان خان نے مداحوں سے ملاقاتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کی اور ان کے مداحوں کی ملاقاتیں کم ہوں گی۔سب جانتے ہیں کہ سلمان فٹنس فریک ہیں۔ اسی لیے وہ اکثر ممبئی کے باندرہ علاقے میں گھومتے رہتے ہیں۔ وہ گلیکسی اپارٹمنٹ سے محبوب اسٹوڈیو تک سائیکل چلاتے ہیں۔ تاہم گزشتہ چند دنوں سے انہیں دھمکی آمیز کالز اور پیغامات موصول ہو رہے ہیں، اس لیے ان کا سائیکل چلانا یا اکیلے باہر جانا کم ہو گیا ہے۔ اب، اپنے گھر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد، انہوں نے کچھ سخت فیصلے لیے ہیں جن میں باہر سائیکل چلانا بند کرنا اور مداحوں سے ملاقاتیں کم کرنا شامل ہیں۔ اس دوران سلمان کے گھر پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اپریل 2023 میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں۔ اس دھمکی کے باوجود وہ باندرہ کی سڑکوں پر سائیکل چلاتے رہے۔ تاہم سیکورٹی کی گاڑیاں ان کے پیچھے رہی۔ سلمان کو سڑک پر سائیکل چلاتے دیکھ کر مداحوں نے ان کی ویڈیو بنانا شروع کردی۔ سلمان کے باڈی گارڈ نے ایک مداح کو ویڈیو بنانے سے روک دیا تھا۔ سلمان کا یہ ویڈیو فی الحال سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث میں ہے۔

