تاثیر،۳۰ اپریل ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 30 اپریل:۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے سلامی بلے باز فلپ سالٹ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 میں دہلی کیپٹلز کے خلاف میچ کے دوران سابق فرنچائز کپتان سورو گانگولی کا 14 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
27 سالہ انگلش سلامی بلے باز سالٹ نے ایک بار پھر مخالف گیند بازوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 33 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 68 رنوں کی تیز اننگز کھیلی۔ اس کے ساتھ انہوں نے موجودہ سیزن میں ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں چھ اننگز میں مجموعی طور پر 344 رن بنائے ہیں اور آئی پی ایل کے ایک سیزن میں ایڈن گارڈنز میں سب سے زیادہ رن بنانے کے گانگولی کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ایڈن گارڈنز میں ایک سیزن میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اب سالٹ کے پاس ہے۔ ان سے پہلے 2010 میں بائیں ہاتھ کے تجربہ کار بلے باز گانگولی نے ایڈن گارڈنز میں سات اننگز میں 331 رن بنائے تھے اور یہ ریکارڈ 14 سال تک اپنے پاس رکھا۔
2019 میں کے کے آر کے اسٹار آل راونڈر آندرے رسیل گانگولی کے ریکارڈ کے قریب آئے جب انہوں نے 7 اننگز میں 311 رن بنائے۔
مجموعی طور پر آئی پی ایل 2024 میں سالٹ نے اب تک 9 میچوں کی 9 اننگز میں 89 کے سب سے زیادہ اسکور کے ساتھ 392 رن بنائے ہیں۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 180.64 اور اوسط 49 کا رہا ہے۔
میچ کی بات کریں تو اس میچ میں دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ تاہم ان کا یہ فیصلہ غلط ثابت ہوا اور دہلی کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹ پر 153 رن ہی بنا سکی۔ دہلی کے لیے کلدیپ یادو نے سب سے زیادہ ناٹ آوٹ 35 رن بنائے۔ کلدیپ کے علاوہ پنت نے 27 رن بنائے۔
کے کے آر کی جانب سے ورون چکرورتی نے 4 اوور میں 16 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ورون کے علاوہ ویبھو اروڑا، ہرشیت رانا نے 2-2 اور سنیل نارائن، مچل اسٹارک نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں کے کے آر نے فل سالٹ (68) کی نصف سنچری اور کپتان شریاس ایر (33 ناٹ آوٹ) اور وینکٹیش ایر (23) کی اننگز کی بدولت 16.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 157 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
دہلی کی جانب سے اکشر پٹیل نے 2 اور کلدیپ یادو نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس جیت کے ساتھ کے کے آر اب آئی پی ایل 2024 پوائنٹس ٹیبل میں 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے، جب کہ دہلی 12 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

