دہلی پولیس نے ممبر پارلیمنٹ سواتی مالیوال کا دیر رات ایمس میں میڈیکل چیک اپ کرایا

تاثیر،۱۶       مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

دہلی پولیس نے ممبر پارلیمنٹ سواتی مالیوال کا دیر رات ایمس میں میڈیکل چیک اپ کرایا
نئی دہلی، 17 مئی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کی راجیہ سبھا رکن سواتی مالیوال کا جمعرات کی رات دیر گئے ایمس میں دہلی پولیس کے ذریعہ میڈیکل چیک اپ کرایا گیا۔ اس سے قبل دہلی پولیس نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے قریبی بیبھو کمار کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔
دہلی پولیس ذرائع کے مطابق سواتی مالیوال کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ایمس لے جایا گیا تھا۔ وہ یہاں تقریباً دو گھنٹے تک رہیں اور صبح تقریباً 3.26 بجے ان کی کار کو ایمس سے باہر آتے دیکھا گیا۔ وہ صبح چار بجے اپنی رہائش گاہ پہنچیں۔ وہ گاڑی سے نیچے اتریں۔ انہیں لنگڑاتے ہوئے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سواتی نے شکایت میں کہا ہے کہ اروند کیجریوال کے پی اے بیبھو کمار نے انہیں تھپڑ مارا۔ پیٹ میں لات ماری۔ ذرائع نے دعویٰ کیا،’’سواتی مالیوال پولیس کو اپنا بیان دیتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے اس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا‘‘۔