تاثیر،۲۵ مئی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
رائے پور، 26 مئیؒراجدھانی رائے پور میں ایک دودھ والے نے انسانیت کی مثال دیتے ہوئے سڑک حادثے میں زخمی کانسٹیبل کی جان بچائی ہے۔ اس کے لیے رائے پور پولیس نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس کے ساتھ دودھ والے کو گڈ سمیریٹن ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔
جانکاری کے مطابق ہفتہ کی رات 12 بجے کھمترائی پولیس اسٹیشن میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل شمبھوناتھ سنگھ کا حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈیوٹی کے بعد گھر واپس لوٹتے ہوئے ڈنڈا پٹرول پمپ کے قریب وہ اچانک مویشیوں کے سامنے آگئے۔ تقریباً 20 منٹ تک سڑک کے کنارے پڑے رہنے کے بعد راجہ نامی دودھ والے نے کانسٹیبل کو زخمی حالت میں دیکھا اور بڑی تیزی سے اسے اسپتال لے گیا۔ بروقت اسپتال پہنچنے سے کانسٹیبل کی جان بچ گئی۔ جب رائے پور پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع ملی تو رائے پور پولیس نے راجہ (دودھ والے) کا شکریہ ادا کیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنتوش سنگھ نے دودھ والے راجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹریفک پولیس کی طرف سے ہر ماہ دیے جانے والے گڈ سیمریٹن ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انسانی ہمدردی کے فرائض ادا کرتے ہوئے جانیں بچائیں اور اچھے شہری بنے۔