تاثیر۱ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
مشرقی چمپارن ،یکم جون :مظفر پور ضلع کے ایک نوجوان کی لاش مظفر پور- موتیہاری ہائی وے- 27 پر پپرا تھانہ علاقے کے مہواوا گاؤں کے قریب برآمد ہوئی ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان کو قتل کر کے اس کی لاش یہاں لا کر پھینک دی گئی۔ جمعہ کے روز پولیس نے سڑک کے کنارے جھاڑیوں سے نیم عریاں حالت میں اس کی لاش برآمد کی۔
تفتیش کے دوران متوفی کی جیب سے ملے آئی او سی ایل شناختی کارڈ سے اس کی شناخت مظفر پورضلع کے صدر تھانہ کے تحت دیگھرا-بشن پورہ چند گاؤں کے رہنے والے روی رنجن کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ سے متوفی کی پرائیویٹ پارٹس بری طرح کچلے گئے ہیں،متوفی کی سائیکل اور جوتے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے موتیہاری بھیج دیا، ایس پی کی ہدایت پر مظفر پور سے ایف ایس ایل کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خون کے دھبوں کے نمونے حاصل کیے۔
پپراتھانہ انچارج سنیل کمار نے بتایا کہ اب تک کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ متوفی مظفر پور کے شیر پور میں واقع انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ میں کام کرتا تھا۔ ہر روز کی طرح جمعرات کے روز بھی وہ ڈیوٹی کے لیے گھر سے نکلا تھا۔ لیکن رات تک گھر واپس نہیں آیا۔ لواحقین سے معلومات ملنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

