تاثیر۱ جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، یکم جون: نالندہ لوک سبھا پارلیمانی حلقہ میں آج صبح 7 بجے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ ووٹنگ کا عمل شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران پرامن ووٹنگ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی وسیع پیمانے پر تعیناتی کی گئی ہے۔ تمام پولنگ مراکزپر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔اس دوران حکومت بہار کے دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے آبائی علاقے بین بلاک کے مڈل اسکول کے بوتھ نمبر 238 پہنچے۔ جہاں درجنوں حامی ان کے ساتھ موجود نظر آئے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بہار میں 19 سالوں میں جس طرح ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ اپوزیشن کے پاس ایسا کوئی ویڑن نہیں ہے۔ اس بار بہار سے انڈیا اتحاد کا سپڑ7ا صاف ہو جائے گا۔ بہار میں 40 میں سے 40 سیٹوں پر این ڈی اے کی جیت یقینی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی تیسری بار وزیر اعظم بنیں گے۔ وہ مقامات جہاں کسی وجہ سے ووٹنگ کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے۔ ان سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا استعمال ضرور کریں۔ یہ موقع 5 سال میں ایک بار آتا ہے۔ اس سے ان کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔واضح ہو کہ نالندہ لوک سبھا حلقہ کے 2365 پولنگ مراکز پر کل 22 لاکھ 88 ہزار ووٹر اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ضلع میں کئی مقامات پر ماڈل پولنگ مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ افسر ششانک سبانکر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک مشرا ووٹنگ کو پرامن طریقے سے کرانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ گرمی کی لہر کے پیش نظر ہر پولنگ مراکزپر بینچوں کا انتظام کیا گیا ہے اور لوگوں کے ٹھہرنے کے لیے پنڈال بھی بنائے گئے ہیں۔نالندہ ضلع نالندہ پارلیمانی سیٹ کے لیے کل 29 امیدوار میدان میں ہیں۔ لیکن یہاں انتخابات میں اصل مقابلہ جنتا دل یو کے کوشلندر کمار اور سی پی آئی (ایم ایل) کے سندیپ سوربھ کے درمیان ہے۔ نالندہ ضلع کو وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، اس لیے یہاں جیت کا راستہ انڈیا اتحاد کے حمایت یافتہ امیدوار کے لیے آسان نہیں ہوگا۔

