سڑک حادثے میں دوافراد کی دردناک موت، آٹھ زخمی، علاج جاری۔

تاثیر۱       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

حادثات نرپت گنج اور فاربس گنج تھانہ علاقے میں پیش آئے، مشتعل افراد نے کیا سڑک جام۔
ارریہ:- ( مشتاق احمد صدیقی ) ارریہ میں فور ویلر گاڑیوں کی تیز رفتاری کا طوفان دیکھنے کو ملا،  قومی شاہراہ 27 / پر دو الگ الگ حادثات میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔  جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے۔  پہلا واقعہ نرپت گنج تھانہ علاقہ کے نرپت گنج_فاربس گنج مین فور لین روڈ پر تھلا کے قریب  پیش آیا، جہاں ای رکشہ پر سفر کر رہے دو افراد کی اس وقت دردناک موت ہوگئی، جب ای_رکشا ٹرک اور ٹریکٹر کے درمیان پھنس گیا۔  حادثے میں ای رکشہ ڈرائیور سمیت چار دیگر افراد زخمی ہوگئے۔  دوسرا واقعہ فاربس گنج تھانہ علاقہ میں رام پور اوور  برج کے قریب پیش آیا۔  جہاں ٹرک اور فور ویلر کار کے درمیان تصادم میں کار میں سوار چار افراد زخمی ہو گئے۔  جسے فوری طور پر مقامی لوگوں کی مدد سے فاربس گنج سب ڈویژنل اسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ نرپت گنج تھانہ علاقہ میں پیش آئے اس حادثے میں تمام زخمیوں کو مقامی لوگوں کی مدد سے نرپت گنج کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا۔  جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد چاروں کو فاربس گنج سب ڈویژنل اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔  حادثے میں
ای رکشہ کو بری طرح نقصان پہنچاہے، مرنے والوں میں ایک مدرسہ کے ٹیچر ہیں جبکہ دوسرا 12 سالہ مدرسے کا طالب علم ہے۔  حادثے کے بعد اہل علاقہ نے نعش کو کھیرا نہر کے قریب سڑک پر رکھ کر سڑک جام کر دیا۔  جس کے باعث فور لین روڈ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔  احتجاج کرنے والے لوگ معاوضے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اطلاع کے بعد نرپت گنج بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر چندن پرساد، سرکل آفیسر رویندر کمار، تھانہ صدر کمار وکاس پولس اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچے اور مقامی لوگوں کی مدد سے لاش کو باہر نکالا۔  زخمیوں کو علاج کے لئے نرپت گنج کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بھیجا گیا۔  نرپت گنج کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں ابتدائی علاج کے بعد چاروں کو ان کی نازک حالت کے پیش نظر فاربس گنج سب ڈویژنل ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔  مرنے والوں کی شناخت سہرسا ضلع کے بھیلائی کے رہنے والے گڑھیا میں واقع مدرسہ دارالعلوم ابو طلحہ کے ٹیچر مولانا محمد سلمان ولد محمد ضمیر الدین اور مدرسہ کے 12 سالہ طالب علم محمد اقبال ولد محمد مختار ساکن بھرگاما کے طور پر ہوئی ہے۔