سہسرام ریلوے گراؤنڈ بنا کچرا ڈمپ کا مرکز،بدبو سے باشندگان شہر کا جینا ہوا مشکل

تاثیر۳       جون ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

      سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) سہسرام کا ریلوے گراؤنڈز ایک بار پھر غیر اعلانیہ کچرا پھینکنے کا مرکز بن گیا ہے، اس گراؤنڈ میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہر روز جمع ہونے والا کچرا پھینکنے کی وجہ سے صاف ستھرے شہر اور خوبصورت سہسرام کے خواب بھی داغدار لگنے لگتے ہیں ۔ نگم و انتظامیہ محکمہ نے ریلوے کی اراضی پر غیر مجاز طور پر پھینکے جانے والے کچرے متعلق خاموشی اختیار کر رکھی ہے، کوڑے کے ڈھیر اور بدبو کے باعث شہر کے لوگوں کا جینا محال ہو رہا ہے ۔ ریلوے سٹیڈیم میں صبح و شام دوڑ اور چہل قدمی کیلئے آنے والوں کی صحت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ گندگی کے باعث شہر کی ہوا کا معیار بھی خراب ہونا شروع ہو گیا ہے ۔ کچرے کے ڈھیر کا دائرہ اب زیر تعمیر ریل اوور برج تک بڑھ گیا ہے جسکی وجہ سے تعمیراتی کام بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی ریلوے کی زمین پر بنے روہتاس اسٹیڈیم میں کچرا ڈالنے کا کام میونسپل کونسل ہی کرتی تھی ۔ آر ٹی آئی کے تحت مانگی گئی معلومات کے بعد ریلوے حکام حرکت میں آئے، 2015 میں اس وقت کی میونسپل انتظامیہ کو نوٹس بھیج کر فوری طور پر کچرا پھینکنے کو روکنے کی ہدایت دی تھی، لیکن اب میونسپل کارپوریشن اس وقت اسٹیڈیم کے ساتھ والے ریلوے گراؤنڈ میں کچرا پھینک رہی ہے مگر ریلوے، ضلع و میونسپل انتظامیہ کی خاموشی لوگوں کو بولنے پر مجبور کر رہی ہے، متذکرہ معاملہ صرف قانون کے خلاف ہی نہیں بلکہ وہاں یا شہر کے رہنے والوں کے بھی خلاف ہے، چونکہ صحت پر برا اثر پڑے اس متعلق سرکار سے لیکر ضلع انتظامیہ کو بھی سوچنا ہوگا مگر خاموشی بنی ہوئی ہے ۔