تاثیر۱۳ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 13 جولائی: مرکزی وزیر داخلہ اور کو آپریٹیو امت شاہ نے ہفتہ کو نئی دہلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں وائبرنٹ ولیج پروگرام (وی وی پی ) کے نفاذ کا جائزہ لیا۔
اس دوران مرکزی وزیر داخلہ شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت سرحدی گاؤں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مقامی باشندوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ان سرحدی دیہاتوں سے نقل مکانی کو روکنے کے لیے دیہات کے ساتھ رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
امت شاہ نے کہا کہ سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) اور سرحدی دیہات کے آس پاس تعینات فوج کو کوآپریٹو سوسائٹیوں کے ذریعے مقامی زرعی اور دستکاری مصنوعات کی خریداری کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور سی اے پی ایف کی صحت کی سہولیات کو باقاعدگی سے دستیاب کرایا جائے تاکہ آس پاس کے دیہات کے مکین اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے شمسی توانائی اور توانائی کے دیگر قابل تجدید ذرائع جیسے ونڈ ملز وغیرہ کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دیا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے وائبرنٹ ولیج پروگرام کے تحت سرحدی دیہات کے مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے سینئر وزراء اور عہدیداروں کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کو جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ اب تک ان سرحدی دیہاتوں میں 6000 سے زیادہ پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں جن میں تقریباً 4000 سروس ڈیلیوری اور بیداری کیمپ شامل ہیں۔ ان گاؤں میں روزگار پیدا کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے 600 سے زیادہ پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے۔ میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ نے زیر التوا مسائل کو حل کرنے کے لیے باقاعدگی سے وقفے وقفے سے اعلیٰ سطح پر جائزہ لینے پر خصوصی زور دیا۔
’وائبرنٹ ولیج پروگرام‘ کے تحت، 2,420 کروڑ روپے کی لاگت سے 136 سرحدی دیہاتوں کو 113 ہمہ موسمی سڑک پروجیکٹوں کے ذریعے رابطہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان علاقوں میں 4G کنیکٹیویٹی پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے اور دسمبر 2024 تک وائبرنٹ ولیج پروگرام کے تحت تمام گاؤں 4جی نیٹ ورک سے منسلک ہو جائیں گے۔ ان تمام گاؤں میں مالی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کیے جا رہے ہیں اور انڈیا پوسٹ پیمنٹ بینک (آئی پی پی بی) کی سہولت بھی وہاں فراہم کی جا رہی ہے۔
ان متحرک دیہاتوں میں رونق لانے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ٹورسٹ سرکٹس تیار کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ اس کوشش میں سیاحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی صلاحیت کی تعمیر اور ترقی وزارت سیاحت کے ساتھ مل کر کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اس اہم اسکیم کا آغاز 14 فروری 2023 کو 4800 کروڑ روپے مختص کیا گیا تھا۔
میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری، بارڈر مینجمنٹ سکریٹری اور انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے ڈائریکٹر جنرل سمیت وزارت داخلہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

