تاثیر۱۳ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کے کوچس تھانہ علاقہ میں ایک لڑکی سڑک کے کنارے بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی ہے جو صدر اسپتال سہسرام میں زیر علاج ہے جبکہ اس کی بڑی بہن کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر آئے تین بدمعاشوں نے اسے زبردستی بٹھایا اور لے گئے جس کے بعد وہ اسے زخمی حالت میں سڑک کے کنارے چھوڑ گئے اور اس نے کہا کہ میری بہن کے ساتھ کچھ غلط ہوا ہے، حالانکہ پولس معاملے کو حادثہ قرار دے رہی ہے، بڑی بہن کی شکایت کے بعد پولس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔ متاثرہ لڑکی کی بہن نے یہ بھی بتایا کہ ہفتہ کی رات میری چھوٹی بہن اپنے چچا کے گھر گئی تھی، وہ رات 9 بجے وہاں سے واپس آرہی تھی کہ کوچس چوراہے پر لوگوں نے اسے سڑک کے کنارے بےہوش حالت میں دیکھا تو پولس کو اطلاع دی، اطلاع ملنے پر پولس نے اسے زخمی حالت میں اٹھایا اور اسپتال میں داخل کرایا ۔ اس سلسلے میں کوچس تھانہ انچارج رنجیت کمار سنہا نے بتایا کہ پولس نے لڑکی کو سڑک کے کنارے بے ہوشی کی حالت میں دیکھا تھا، اسے علاج کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے اور ہاتھ پر بھی چوٹ آئی ہے، ابتدائی طور پر معاملہ حادثہ سمجھا جا رہا تھا لیکن اب اس کی بہن اور دیگر اہل خانہ کی شکایت پر تفتیش شروع کر دی گئی ہے، طبی معائنہ بھی کیا جا رہا ہے ۔ معاملے کی اطلاع اور سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس پی ونیت کمار بھی صدر اسپتال سہسرام پہنچے اور واقعہ کی جانکاری حاصل کی ۔

