تاثیر۱۳ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
مغربی بردوان، 13 جولائی: مغربی بردوان ضلع کے آسنسول نارتھ تھانے کے تحت ونورا بلیو فیکٹری سے متصل علاقے میں بچہ چوری کی افواہ کے بعد کشیدگی پھیل گئی۔ الزام ہے کہ اس دوران مقامی لوگوں نے پولیس پر حملہ کر دیااور پولیس کی گاڑیوں میں زبردست توڑ پھوڑ کی گئی۔ اس واقعہ میں ایک شہری رضاکار اور کچھ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
گاؤں والوں کا الزام ہے کہ رات کی تاریکی میں دو نامعلوم نوجوان اور ایک کم عمرخاتون کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہیں دیکھ کر لوگوں کو ان پر بچہ چور ہونے کا شبہ کیا۔ اس دوران علاقے میں بچے کی چوری کی افواہ پھیل گئی۔ الزام ہے کہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود پولیس دیر سے پہنچی اور مشتعل گاوں والوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔
مشتعل ہجوم نے پولیس کی پانچ گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی۔ اینٹلگنے سے ایک شہری رضاکار اور کچھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کی بڑی تعداد علاقے میں پہنچ گئی لیکن علاقے میں گھومنے والے ان نوجوانوں اور عورتوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ مقامی کونسلر اپل سنہا نے گاوں والوں کی جانب سے کہا، ’’وہ معصوم، سادہ، سیدھے سادھے لوگ ہیں۔ قبائلی برادری کے لوگ ہیں۔ افواہوں کی وجہ سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ مسئلہ حل ہو جائے گا۔‘‘ دوسری جانب پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اس واقعے کے بعد گاوں کے کچھ لوگوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

