روس کے خلاف لڑنے کے لیے تیار ہو رہی ہے یوکرین کی روبوٹ آرمی

تاثیر۱۶  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کیف، 16 جولائی: روس کے ساتھ جاری جنگ میں مسلسل پیچھے رہنے اور اپنی سرزمین کھونے والا یوکرین اب جنگ میں اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لیے روبوٹ آرمی تیار کر رہا ہے۔ یوکرین مسلسل روس سے منہ کی کھانے اور فوجیوں کی شدید کمی سے نبرد آزما ہے۔ ایسے میں یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ یوکرین کی کئی لیبارٹریز مشترکہ طور پر یوکرین کے خفیہ گوداموں میں خصوصی فوج تیار کر رہی ہیں۔ یوکرین کے اسٹارٹ اپ کم لاگت والے روبوٹس بنانے میں مصروف ہیں۔
یوکرین کو امید ہے کہ یہ روبوٹ فوج روسی فوجیوں کو جنگ میں شکست دیں گے اور شہریوں کی حفاظت کریں گے۔ صنعت کے اندازوں کے مطابق، یوکرین بھر میں تقریباً 250 دفاعی اسٹارٹ اپ کمپنیاں خفیہ مقامات پر روبوٹ فوجیں تیار کرنے میں مصروف ہیں۔ مثال کے طور پر کاروباری شخصیت آندرے ڈینیسنکا کے زیر انتظام ایک کمپنی کے ملازمین چار دنوں میں ڈرائیور لیس گاڑی بنالیتے ہیں، جسے انہوں نے اوڈیسی کا نام دیا۔ اس کار کی خاصیت یہ ہے کہ اس کی قیمت بہت کم، صرف 35 ہزار ڈالر ہے۔ یہ درآمد شدہ ماڈل سے 10 گنا کم ہے۔ مئی میں یوکرین کی فوج میں ایک نیا دستہ شامل ہوا، جسے پائلٹ لیس سسٹمز فورس کہا جاتا ہے۔ یہ آرمی، ایئر فورس اور نیوی کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ان کا مقصد نومبر تک امن کے تمام اہداف تیار کرنا ہے۔ وہ ابھی سے اس دوسرے امن سربراہی اجلاس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ پہلی سربراہی کانفرنس گزشتہ ماہ سوئٹزرلینڈ میں ہوئی تھی۔ دوسری جانب یوکرین کی بحریہ نے کہا ہے کہ روس کا آخری بحری گشتی جہاز کریمیا سے نکل رہا ہے۔
یوکرینی مہم کی وجہ سے روس کی جانب سے اسے دوسری جگہ منتقل کرنے کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین کو اپنی فضائی حدود کی مکمل حفاظت اور پورے ملک کو روسی میزائل حملوں سے بچانے کے لیے 25 پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ وہ چاہتے ہیں کہ مغربی اتحادی مزید ایف- 16 لڑاکا طیارے دیں۔