ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کی طبیعت خراب ہوئی، دو معصوموں کی موت

تاثیر۱۷  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

کانپور دیہات، 17 جولائی: ضلع کے اکبر پور تھانہ علاقے میں ایک ہی خاندان کے کئی لوگوں کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی، جس میں دو معصوم بچے دوران علاج دم توڑ گئے۔ دیگر افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔
ہیرالال کشواہا اپنی بیوی انجلی، تین بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ اکبر پور تھانہ علاقہ کے گہولیا میں رہتے ہیں۔ بیوی انجلی پچھلے تین دنوں سے اسہال اور الٹی میں مبتلا تھی۔ بدھ کی صبح ہیرالال کے خاندان کے آٹھ افراد کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ سبھی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ہیرالال کی دو بیٹیاں دیویا (05) اور انجلی (11) کی اسپتال میں علاج کے دوران موت ہوگئی۔
بیٹے ستیم سمیت چھ افراد ضلع اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ نے بیمار متاثرین سے بات کی اور انہیں بہتر علاج کا یقین دلایا۔ ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کی اچانک طبیعت بگڑنے کی خبر سے علاقہ گہولیا کے مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا کہ یہ اچانک کیا ہو گیا؟ منگل کو خاندان میں سب ٹھیک تھے۔