ارریہ ضلع سمیت تمام نو بلاکوں میں محرم کا تہوار جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا۔

تاثیر۱۸  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ارریہ :- ( مشتاق احمد صدیقی ) ارریہ ضلع ہیڈکوارٹر سمیت تمام نو بلاکوں ارریہ صدر، جوکی ہاٹ، پلاسی، سکٹی، کرساکانٹا، رانی گنج ، فاربس گنج، نرپت گنج، اور بھرگاما میں گزشتہ  کل یومِ عاشورہ کے موقع پر محرم کا تہوار روایتی جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا اور تمام جگہوں پر آپسی میل جول کے ساتھ ہندو مسلم سارے لوگ میلے میں شامل ہوئے اور اکثر میلوں میں لوگوں نے ایک ساتھ مل کر مختلف اکھاڑوں کے کھلاڑیوں کے کرتب دیکھ لطف اندوز ہویے اور گنگا جمنی تہذیب کی بہترین مثالیں پیش کیں۔ ضلع کے پلاسی بلاک کی پیپڑا بیجوار پنچایت میں تعزیہ جلوس کے دوران تعزیہ کے ہائی وولٹیج بجلی کے زد میں آنے سے چند افراد کے زخمی ہونے کے علاوہ پورے ضلع کے تمام بلاکوں سے کوئی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع خبر رقمطراز کرنے تک موصول نہیں ہوئی تھی۔ کیوں کہ ضلع انتظامیہ نے پوری مستعدی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے تمام حساس مقامات پر مجسٹریٹ، پولس افسران اور مسلح افواج کی تعیناتی کی تھی، اس کے علاوہ جگہ جگہ پر تمام تھانوں کی جانب سے لاٹھی پولس جوانوں کو تعینات کیا تھا، مگر ضلع کے لوگوں نے یکجہتی اور بھائی چارہ کا ثبوت پیش کرتے ہوئے محرم کے اکھاڑوں کے کرتب اور حسین وجمیل تعزیوں سے خوب لطف اندوز ہوئے اور پولس فورسیز نے اپنی ذمہداری کو بحسن وخوبی انجام دیا۔ جس سے پورے ضلع کے لوگ کافی خوش نظر آئے۔ ضلع انتظامیہ اور پولس انتظامیہ نے تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا کہ ضلع اور تمام بلاکوں کے لوگوں نے اصول وضوابط کی پیروی کرتے ہوئے ہمارا اچھا ساتھ دیا اور ان کا بھرپور تعاؤن رہا۔ گرچہ کہیں کہیں جلوس کے دوران جام کی تھوڑی بہت دقت کا سامنا کرنا پڑا، مگر لوگوں نے نے بخوشی اس پریشانی کو منظور کیا۔