تاثیر۲۱ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
واشنگٹن، 21 جولائی : سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے فون پر بات کی اور روس یوکرین جنگ رکوانے کا وعدہ کیا۔ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے یوکرین کے صدر زیلنسکی سے فون پر بات کی۔ انہوں نے مجھے ایک بہت ہی کامیاب ریپبلکن نیشنل کنونشن اور ریاستہائے متحدہ کے صدر کے لیے ریپبلکن امیدوار بننے پر مبارکباد دی۔ یہ کال اس لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ سرکاری طور پر ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے بعد کسی غیر ملکی رہنما کے ساتھ یہ ان کی پہلی بات چیت ہے۔ یہ 5 نومبر کے انتخابات میں ان کی جیت کے امکانات کے بارے میں بین الاقوامی برادری میں بڑھتی ہوئی بیداری کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ا?پ کے امریکہ کے اگلے صدر کی حیثیت سے میں دنیا میں امن لاوں گا اور اس جنگ کو ختم کروں گا جس نے بہت سے لوگوں کی جانیں لی ہیں۔ بے شمار بے گناہ خاندان تباہ ہو چکے ہیں۔ دونوں فریق اکٹھے ہو کر ایک معاہدے پر بات چیت کر سکیں گے جس سے تشدد کا خاتمہ ہو اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو۔ ولادیمیر زیلنسکی نے گفتگو کے دوران ٹرمپ پر حالیہ حملے کی بھی مذمت کی۔

