تاثیر۲۱ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 21 جولائی: وسیع پیمانے پر کرفیو اور سخت انتظامات کے باوجود بنگلہ دیش میں جاری ریزرویشن مخالف تحریک کی آگ پھیل رہی ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ ہفتے کے روز دارالحکومت ڈھاکہ میں ہونے والے پرتشدد تصادم میں 10 افراد ہلاک اور کم از کم 90 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
راجدھانی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ریزرویشن مخالف تحریک کے دوران بڑے پیمانے پر پرتشدد واقعات کے پیش نظر پولیس نے ہفتہ کو دارالحکومت کے کئی حصوں میں سخت کرفیو نافذ کر دیا۔ پولیس کو شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے باوجود تشدد رکنے کا نام نہیں لے رہا۔بنگلہ دیش میں ریزرویشن مخالف تحریک کے دوران منگل کو شروع ہونے والے تشدد میں اب تک تقریباً 114 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد حکومت نے جمعہ کی نصف شب سے کرفیو کا اعلان کر دیا اور ملک بھر میں فوج کو تعینات کر دیا۔ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت نے اتوار اور پیر کو عام تعطیل کا اعلان کیا تھا اور صرف ہنگامی خدمات کو کام کرنے کی اجازت تھی۔ اس سے قبل بدھ سے تمام قسم کے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کے خلاف طلبہ کے غصے کے بعد ملک بھر میں بدامنی پھیل گئی تھی۔ یہ احتجاج پاکستان سے آزادی کی جنگ لڑنے والوں کے خاندانوں کے لیے 30 فیصد ریزرویشن کے حوالے سے ہو رہا ہے۔ حسینہ واجد کی حکومت نے 2018 میں کوٹہ سسٹم کو ختم کر دیا تھا لیکن ایک عدالت نے اسے گزشتہ ماہ بحال کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے حکومت کی اپیل کے بعد فیصلہ معطل کر دیا اور کیس کی سماعت اتوار کو کرے گی، اور سماعت 7 اگست تک ملتوی کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔

