تاثیر۲۱ جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ، 21 جولائی:بہار قانون ساز اسمبلی کا مانسون اجلاس پیر 22 جولائی سے شروع ہوگا اور 26 جولائی تک جاری رہے گا۔ اجلاس کے دوران دونوں ایوانوں میں پانچ پانچ اجلاس ہوں گے، حکومت کی کوشش ہوگی کہ سیشن کو خوش اسلوبی سے چلایا جائے، حالانکہ اپوزیشن نے حکومت کو گھیرنے کی بھرپور تیاریاں کی ہیں۔ ایسے میں مانسون سیشن ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔
حکومت کی جانب سے 2024-25 کا پہلا ضمنی بجٹ پیش کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی گورنر کے منظور کردہ آرڈیننس کی کاپی مانسون اجلاس کے پہلے دن ایوان کی میز پر رکھی جائے گی۔ 23 اور 24 جولائی کو سرکاری بل اور دیگر سرکاری کام ہوں گے۔
دوسری جانب 23 جولائی کو قانون ساز کونسل میں نجی قراردادیں پیش کی جائیں گی اور 24 سے 25 جولائی کو سرکاری بل ایوان میں لائے جائیں گے۔ 25 جولائی کو اسمبلی میں پہلے ضمنی بجٹ پر بحث اور ووٹنگ ہوگی۔ اس دوران تخصیص بل کی بھی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس کے آخری روز یعنی 26 جولائی کو ایوان میں نجی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔
اپوزیشن نے اجلاس کے دوران حکومت کو گھیرنے کی حکمت عملی بنا لی ہے۔ اپوزیشن بہار میں بڑھتے ہوئے جرائم کے ساتھ ساتھ ایک ماہ کے اندر ایک درجن سے زیادہ پلوں کے گرنے کو مسئلہ بنا کر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کرے گی۔ ریاست میں جرائم کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں حکومت پر حملہ آور ہیں۔ ایسے میں ان دونوں معاملات پر ہنگامہ آرائی کا قوی امکان ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اجلاس کے دوران اسمبلی کے اطراف دفعہ 144 نافذ رہے گی۔ اس سلسلے میں ممنوعہ علاقے کی حد کا تعین کیا گیا ہے۔ محدود علاقے میں کسی بھی قسم کے جلوس اور مظاہرے پر پابندی ہوگی۔

