وزیر اعلیٰ اور شرد پوار کے درمیان ملاقات، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری کے لیے منعقد ہوگا کْل جماعتی اجلاس

تاثیر۲۲  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 22 جولائی :نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے آج وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے سہیادری گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شنڈے نے پھولوں کے گلدستے سے ان کا استقبال کیا۔اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پانی کے وسائل، دودھ کی قیمتوں، دودھ کی وصولی، زراعت، شوگر ملوں کے کچھ زیر التوا مسائل جیسے کئی مسائل پر تفصیلی سے بات چیت کی۔ مراٹھا ریزرویشن کو لے کر بھی وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور مہاوکاس اگھاڑی کے سربراہ شرد پوار نے ملاقات کی۔بتایا جاتا ہے کہ مہاراشٹر میں فرقہ پرستی کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور شرد پوار کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ شرد پوار اور وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تقریباً 20 منٹ تک بند دروازوں کے پیچھے مراٹھا-او بی سی تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا۔حکومت کی طرف سے منوج جارنگے اور او بی سی لیڈروں کو دی گئی یقین دہانی پر بات نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن پارٹی ناراض تھی۔ شرد پوار نے ان تمام مسائل پر وزیر اعلیٰ سے بات چیت کی ہے۔ اس لیے یہ دیکھنا اہم ہو گا کہ مستقبل میں ریاست کی سیاست کس سمت موڑ لیتی ہے۔ دریں اثناء￿ وشال گڑھ تشدد کی وجہ سے ریاست کا ماحول کچھ سوگوار ہوگیا ہے۔ اس وقت بنیادی طور پر اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے آئندہ کل جماعتی اجلاس منعقد کیا جائے۔ جس کو وزیر اعلیٰ شندے نے ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ چیف منسٹر ایکناتھ شندے اور شرد پوار نے بھی اس بات پر تبادلہ خیال کیا کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا نہیں ہونی چاہئے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے شرد پوار کو یقین دلایا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں اپوزیشن کو دوبارہ آل پارٹی میٹنگ میں مدعو کریں گے۔