مرکزکا بجٹ مثبت اور خیر مقدم کے قابل ہے: وزیر اعلیٰ

تاثیر۲۳  جولائی ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ 23جولائی 2024:مرکزکے بجٹ پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے بجٹ کو مثبت اور قابل خیر مقدم بتا یا۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ کے ذریعہ ملک کے ساتھ ساتھ بہار کی ترقی کی رفتار کو بڑھانے کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں جو کہ قابل ستائش ہیں۔ میں متوازن بجٹ پیش کرنے پر مرکزی حکومت کومبارکبادپیش کر تا ہوں۔ ملک میں بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کی تعمیر کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اپنی تیسری میعاد کے پہلے بجٹ میں مرکز کی این ڈی اے حکومت نے بہار کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کے لیے خصوصی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مرکزی حکومت کے ذریعہ پیش کردہ بجٹ میں بہار کی ضروریات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس کے تحت انسانی وسائل کی ترقی اور بہار کی بنیادی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اس بجٹ میں بہار کے سڑک کنیکٹیویٹی پروجیکٹوں، پاور پروجیکٹوں، ایئر پورٹ ، میڈیکل کالجوں اور کھیل کود کے انفرا اسٹرکچر کے لیے خصوصی فنڈز کا انتظام کیا گیا ہے، جس سے بہار کو بہت فائدہ ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہار کے سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کے لیے بجٹ میں خصوصی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ساتھ ہی بہار کو سیلاب سے بچانے کے لیے بجٹ میں بڑا اعلان کیا گیا ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ کوسی-میچی ندی کو جوڑنے کے پروجیکٹ، دریا کی آلودگی میں کمی اور آبپاشی کے منصوبوں کے لیے خصوصی مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزیر خزانہ محترمہ نرملا سیتا رمن کا بطور خاص شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بہار کے لئے کئے گئے ان اعلانات سے بہار کی ترقی میں مدد ملے گی اور یہ تیز رفتاری سے ترقی کرے گا۔ مرکزی حکومت نے بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، اڈیشہ اور آندھرا پردیش کی ترقی کے لیے پوروودیا اسکیم کا اعلان کیا ہے یہ بہت خوشی کی بات ہے ۔ مجھے پوری امید ہے کہ مستقبل میں بھی مرکزی حکومت بہار کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کی ترقی میں تعاون کرے گی۔

وزیر اعلیٰ بہار اسمبلی احاطہ میں میں صحافیوں سے بات کی۔ بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے کہ ہم لوگ سال 2010 سے خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے لیے تحریک چلا رہے ہیں۔ اس وقت کی مرکزی حکومت نے اس مطالبے کو قبول نہیں کیا تھا۔ ہم لوگوںنے پٹنہ سے دہلی تک اس کے لیے تحریک چلائی۔ ہم بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے پر مسلسل بات کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں نے مرکزی حکومت سے یہ بھی کہا کہ یا تو خصوصی درجہ دیجئے یا خصوصی مدد دیجئے،جس سے بہار کی تیزی سے ترقی ہو سکے کیونکہ بہار کو بھی آگے بڑھنا ہے۔ بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے میں اگر کوئی مسئلہ ہے تو
بہار کی ترقی کے لیے خصوصی مدد دی جائے، اس سے بہار کی ترقی کو مزید رفتار ملے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے بہار کی حالت کتنی خراب تھی، جب ہم نے نومبر 2005 میں اقتدار سنبھالا تھا،تب سے بہار کی مکمل ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں نے سڑکوںکی کنکٹیویٹی بڑھانے کے لیے بہت کام کیا ہے۔ بہار میں نئی سڑکوں کا جال بچھا ہے۔ اسکول کی تعمیر ہو رہی ہیں۔ پہلے پٹنہ میں شام میں کوئی باہر نہیں نکلتا تھا، حالات بہت خراب تھے۔ آج مرکزکی حکومت نے بہار کو بہت کچھ دیا ہے۔ کئی نئی سڑکوں کے منصوبوں اور ایکسپریس وے کا اعلان کیا گیا ہے۔