تاثیر ۲ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،یکم اگست : ویتنام کے وزیر اعظم فام من چن کا جمعرات کو راشٹرپتی بھون میں باضابطہ استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے راج گھاٹ جاکر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایکس پر پوسٹ پر کہا کہ ایک قابل قدر ساتھی کا شاندار استقبال! وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون کے صحن میں ویتنام کے وزیر اعظم فام من چن کا استقبال کیا۔ ویتنام ہندوستان کی ایکٹ ایسٹ پالیسی اور انڈو پیسفک وژن کا ایک اہم ستون ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ویتنام کے وزیر اعظم فام من چن 30 جولائی سے یکم اگست تک ہندوستان کے سرکاری دورے پر نئی دہلی میں ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم چن آج وزیر اعظم مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ وزیر اعظم چن صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں۔ وزارت کے مطابق، ہندوستان اور ویتنام کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی اور تہذیبی تعلقات ہیں، جنہیں ستمبر 2016 میں وزیر اعظم کے دورہ ویتنام کے دوران ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک توسیع دی گئی۔ ہندوستان ویتنام کو اپنی ایکٹ ایسٹ پالیسی کا ایک اہم ستون اور اس کے ہند-بحرالکاہل وژن میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے۔

