وائناڈ: اب تک 200 سے زیادہ ہلاک، راہل گاندھی اور پرینکا آج متاثرین سے ملیں گے

تاثیر  ۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

وائناڈ، یکم اگست: کیرالہ کے پہاڑی ضلع وائناڈ میں منگل کی علی الصبحمیں پیش آنے والے قدرتی آفت میں اب تک 200 سے زیادہ لوگ اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تین گاوں کا تقریباً وجود ہی مٹ چکا ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر اور پہلے ایوان میں وائناڈ کی نمائندگی کر چکے راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا آج صبح قومی دارالحکومت دہلی میں واقع اپنی رہائش گاہوں سے وائناڈ کے لیے روانہ ہو گئے۔
راحت اور بچاو مہم آج بھی جاری رہے گا۔ مختلف فورسز کی جانب سے راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں کے دوران اب تک 1,592 افراد کو بچا کر مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ 99 افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وائناڈ ضلع میں میپڈی کے قریب چورمالا اور منڈکئی علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے سے مرنے والوں کی تعداد 200 سے تجاوز کر گئی ہے۔
راہل گاندھی صبح 9:45 بجے کنور ہوائی اڈے پر پہنچنے کا امکان ہے۔ وہ میپڈی میں چورمالا لینڈ سلائیڈ متاثرین کے لیے کھولے گئے ریلیف کیمپوں اور مختلف اسپتالوں کا دورہ کریں گے۔ خراب موسم کی وجہ سے راہل بدھ کو وائناڈ نہیں پہنچ سکے۔ پرینکا گاندھی اپنے وائناڈ کے دورے کے دوران قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے کئی خاندانوں سے ملاقات کریں گی۔
پورا ملک اس آفت سے غم اور صدمے کا شکار ہے۔ اپنے عزیزوں کو کھونے والوں کے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ لوگ پہنچ کر انہیں جلد سب ٹھیک ہونے کا یقین دلا رہے ہیں۔ دریں اثنا قریبی کوزی کوڈ ضلع کے تھمارسیری اور وڈکارا تعلقہ کے مختلف بالائی گاوں وائناڈ آفت میں متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت نے یہاں رہنے والے خاندانوں کی نقل مکانی کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔