کملا ہیرس نے ٹرمپ کو بحث کا چیلنج دیا، کہا۔ جو بھی کہنا ہے سامنے کہیں

تاثیر  ۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن، یکم اگست : امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اپنے حریف ڈونالڈ ٹرمپ کو بحث کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ کہنا ہے وہ میرے سامنے کہیں، نہ کہ پیٹھ کے پیچھے۔ جبکہ ٹرمپ نے پہلے ہیرس کو نشانہ بنایا تھا اور انہیں خطرناک حد تک لبرل قرار دیا تھا۔ یہی نہیں، ٹرمپ کیمپین نے ہیرس پر الزام لگایا کہ وہ امریکہ کی جنوبی سرحد پر غیر قانونی تارکین وطن کے حملے کو روکنے میں ناکام رہی ہیں۔ حالانکہ ہیرس کیمپین نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
دراصل امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی آمد سے ڈیموکریٹس ایک بار پھر صدارتی انتخاب کی ریس میں آگے آگئے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث ہیرس نے اب ٹرمپ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہیرس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ تازہ ترین سروے میں کملا کو 43 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز کی حمایت حاصل ہے جبکہ ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی 42 فیصد حمایت ہے۔
اس سے پرجوش ہندوستانی نڑاد کملا نے سابق صدر ٹرمپ کو بحث کا چیلنج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ کہنا ہے تو سامنے کہو۔ ساتھ ہی ٹرمپ کی انتخابی ٹیم کی جانب سے ہیرس کے خلاف ’’خطرناک طور پر لبرل‘‘ اشتہار بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس سے قبل منگل کو جارجیا کے شہر اٹلانٹا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر کملا ہیرس نے کہا کہ صدارتی دوڑ میں میری شرکت کے بعد انتخابی ماحول بدل گیا ہے۔ ٹرمپ بھی اسے محسوس کر رہے ہیں۔ آپ نے دیکھا کہ وہ ستمبر کے مباحثے میں حصہ نہیں لینا چاہتے، حالانکہ اس سے پہلے انہوں نے اس میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ ہجوم کی بھرپور حمایت کے درمیان انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو صدارتی مباحثے میں حصہ لینے پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ وہ اور ان کے رننگ میٹ میرے بارے میں کچھ کہنا چاہتے ہیں، اچھا ہوگا اگر وہ میرے منہ پر کہیں۔
ہیرس کی انتخابی مہم نے دعویٰ کیا تھا کہ ریلی میں 10 ہزار افراد شرکت کریں گے۔ دوسری جانب تازہ ترین سروے میں کملا کو ٹرمپ پر ایک فیصد کی برتری ظاہر کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سات میں سے چھ سوئنگ ریاستوں میں ان کے حامیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ مشی گن، ایریزونا، وسکونسن اور نیواڈا میں کملا آگے ہیں، جب کہ ٹرمپ پنسلوانیا اور شمالی کیرولینا میں آگے ہیں۔ جارجیا میں دونوں برابر ہیں۔
ڈیموکریٹ امیدوار کے باضابطہ اعلان سے پہلے ہی کملا نے پارٹی کے 99 فیصد مندوبین کی حمایت حاصل کر لی ہے۔ کملا کی انتخابی ٹیم نے کہا کہ وہ 6 اگست کو پنسلوانیا میں ہونے والی ایک ریلی میں نائب صدر کے عہدے کے لیے اپنے رننگ میٹ، ڈیموکریٹک امیدوار کا اعلان کریں گی۔ اس ریس میں سینیٹر مارک کیلی، پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپریو اور کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر شامل ہیں۔