وزیراعظم ہفتہ کو زرعی ماہرین اقتصادیات کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کریں گے

تاثیر  ۲   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 2 اگست: وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو زرعی اقتصادی ماہرین کی بین الاقوامی کانفرنس (آئی سی اے ای) کا افتتاح کریں گے۔وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) نے جمعہ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی 3 اگست کو نیشنل ایگریکلچرل سائنس سینٹر (این اے ایس سی) کیمپس، نئی دہلی میں صبح 9.30 بجے زرعی ماہرین اقتصادیات (آٗی سی اے ای) کی 32 ویں بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم اجتماع سے خطاب بھی کریں گے بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ایگریکلچرل اکنامسٹ کے زیر اہتمام یہ سہ سالہ کانفرنس 2 سے 7 اگست تک منعقد ہوگی۔ ہندوستان میں 65 سال بعد آئی سی اے ای کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس سال کی کانفرنس کا موضوع “پائیدار زرعی خوراک کے نظام کی طرف منتقلی” ہے۔ اس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں، قدرتی وسائل کے انحطاط، بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت اور تنازعات جیسے عالمی چیلنجوں کے تناظر میں پائیدار زراعت کی فوری ضرورت کو پورا کرنا ہے۔ یہ کانفرنس عالمی زرعی چیلنجوں کے تئیں ہندوستان کے فعال نقطہ نظر کو اجاگر کرے گی اور آئی سی اے ای 2024 میں نوجوان محققین کے لیے اپنے کام اور نیٹ ورک کو عالمی سطح پر پیش کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی۔ اس کا مقصد تحقیقی اداروں اور یونیورسٹیوں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط کرنا، قومی اور عالمی سطح پر پالیسی سازی پر اثر انداز ہونا، اور ڈیجیٹل زراعت میں پیشرفت اور پائیدار زرعی خوراک کے نظام سمیت ہندوستان کی زرعی ترقی کو ظاہر کرنا ہے۔ کانفرنس میں تقریباً 75 ممالک سے تقریباً ایک ہزار مندوبین شرکت کریں گے۔