تاثیر ۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 7 اگست:ہندوستانی خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کے پیرس اولمپکس میں خواتین کی ریسلنگ 50 کلوگرام ویٹ کیٹیگری ایونٹ کے فائنل سے نا اہل ہونے کے بعد پورا ملک ان کی ہمت کا داد دے رہا ہے۔ ہر کوئی اس کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ ونیش کی چچا زاد بہنوں گیتا پھوگاٹ اور ببیتا پھوگاٹ نے بھی اس کی حوصلہ افزائی کی اور اسے چیمپئن اور مضبوط کھلاڑی قرار دیا۔ ببیتا پھوگاٹ نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا، ’’سسٹر ونیش پھوگاٹ، اولمپکس میں تمغہ جیتنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔ فائنل سے آپ کی نااہلی ذاتی طور پر پھوگاٹ خاندان کے لیے اور عام طور پر ملک کے لیے بہت مایوس کن خبر ہے، لیکن آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آپ ایک مضبوط کھلاڑی ہیں اور کبھی ہار نہیں مانتیں۔ آپ نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔ پورا ملک آپ کے ساتھ ہے۔ جے ہند!
” گیتا پھوگاٹ نے ایکس پر لکھا، ”سسٹر ونیش پھوگٹ، آپ ہماری سنہری لڑکی ہیں، آپ نے جو کیا ہے اسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ زندگی ایک جدوجہد ہے اور اس جدوجہد کا نام ونیش ہے۔ ایک لمحے آپ اولمپکس کے فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کرتے ہیں اور اگلے ہی لمحے بدقسمتی سے سب کچھ غلط ہو جاتا ہے۔ بہن، آپ اس وقت جو درد محسوس کر رہی ہوں گی ہم اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ آج ہر سچے ہندوستانی کی آنکھیں نم ہیں۔ ایک چیمپئن ہمیشہ چیمپئن ہوتا ہے۔”