تاثیر ۱۶ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ: ۱۶؍اگست۲۰۲۴ء۔ خدا بخش لائبریری میں15 اگست 2024 کویوم آزادی کے پر مسرت موقع پر یوم آزادی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جناب رابرٹ ایل چونگتھو، پرنسپل سیکریٹری گورنر بہار بشمول ڈائرکٹر، خدا بخش لائبریری کی غیر معمولی مشغولیت کی وجہ کر ان کی ہدایت پر ڈاکٹر سید مسعود حسن،ایل۔اے۔ایل۔آئی ۔او،ڈی۔ڈی۔اونے پرچم کشائی کی۔
15 اگست وہ تشخص ہے جو ہمیںساری دنیا سے جدا مقام عطا کرتاہے۔یہ آزادی ہمیں اتنی قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے۔خدا بخش لائبریری نے آزادی کے اس پیغام کو ہمیشہ پیش نظر رکھا اور اپنی طباعت و اشاعت اور لکچر سیمیناروں کے توسط سے اس پیغام کو عام لوگوں تک پہنچانے میںنمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس پیغام کو عام کرنے کے لئے اس لائبریری نے کتابیں شائع کیںجو کتابیں مختلف موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔
یوم آزادی تقریب کی مناسبت سے 16اگست کو تحریک آزادی پر ہندی کتابوں کی نمائش لگائی گئی،۔اس نمائش کا افتتاح گیارہ بجے دن میں ہوا۔اس نمائش میںہندی کی سو کتابیں نمائش میں لگائی گئیں۔ان میں آدھی رات کی آزادی،سوتنترتا آندولن میں بہار کے مسلمانوں کا یوگدان،آزادی کے سپوت،آزادی کے چھاؤں میں،آزادی کے دستاویز اور آزادی کے مقدمے قابل ذکر ہیں۔
تحریک آزادی کوجاننے اور سمجھنے کے لئے ان کتابوں کا مطالعہ بہت ضروری ہے۔ اگر اپنے علم میں پختگی اور شعور لانا ہے تو کتابیں پڑھنے کی عادت ڈالنی ہوگی۔یہ کتابیں مقابلاتی امتحانات میں بھی بہت مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ ہمارے بزرگوں نے اپنے تن من دھن اور جان کی بازی لگا کر اس ملک کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرایا ہے۔ان جانبازوں کی تاریخ ان کتابوں میں محفوظ ہے۔ یہ کتابیں ہمیں ان جانبازوں کی یاد دلاتی ہیں اور یہ سبق بھی دیتی ہے کہ جب ملک خطرات کے منجدھار میں پھنسا ہو تو کیسے اس کو ان خطرات سے آزاد کرایا جا سکتا ہے۔ اس طرح کی نمائش سے ہم اپنے ماضی سے رشتہ جوڑ کر حال اور مستقبل کو اچھے سے اچھا بنا سکتے ہیں اور زندگی کی دوڑ میں رکاوٹوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکتے ہیں۔
اس نمائش میںعام قاری کے ساتھ ساتھ طلباء اور طالبات نے بھی شرکت کی اور ان کتابوں کے مطالعہ میں دلچسپی لی اورمستفید ہوئے۔