تاثیر ۱۷ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 17 اگست: بنگلہ دیش میں عبوری حکومت میں جمعہ کو توسیع کی گئی اور محمد یونس کی قیادت میں ٹیم میں مزید چار مشیروں کو شامل کیا گیا۔ نئے مشیروں میں ماہر اقتصادیات وحید الدین محمود، سابق کابینہ سکریٹری علی امام مجومدار، سابق سکریٹری توانائی محمد فضیل کبیر خان اور لیفٹیننٹ جنرل جہانگیر عالم چوہدری شامل ہیں۔
ان چار ارکان کی شمولیت سے عبوری حکومت کی مشاورتی کونسل میں ارکان کی تعداد 21 ہو گئی۔ یونس اور 13 دیگر مشیروں نے 8 اگست کو حلف لیا تھا۔ دو مشیروں نے 11 اگست اور ایک نے ایک دن بعد حلف لیا تھا۔
سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کے خلاف طلبہ کے وسیع احتجاج کے بعد شیخ حسینہ (76) کو استعفیٰ دینا پڑا تھا اور وہ 5 اگست کو ملک چھوڑ کر ہندوستان چلی گئی تھیں۔
راشٹرپتی بھون کے ترجمان نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ صدر محمد شہاب الدین نے سرکاری ہیڈکوارٹر بنگ بھون میں چار نئے مشیروں کو حلف دلایا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے مشاورتی کونسل اور متعلقہ حکام کی موجودگی میں ایک سادہ تقریب میں حلف دلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یونس بعد میں ان کے قلمدان تقسیم کریں گے۔ زیادہ تر مشیر سول سوسائٹی کے رہنما، ماہرین تعلیم، این جی اوز اور حقوق گروپ کے رہنما ہیں۔