ترہت گریجویٹ انتخابی حلقہ کے ووٹر لسٹ میں نام اندراج کرانے کی اپیل

تاثیر  ۲۸   اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

قومی اساتذہ تنظیم بہار نے ہیلپ لائن نمبر کیا جاری 
مظفر پور، 28/ اگست (نمائندہ) گریجویٹ انتخابی حلقہ ترہٹ کے موجودہ انتخاب کے مد نظر قومی اساتذہ تنظیم نے ایک اہم نشست کا انعقاد کیا جس میں مختلف سماجی تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ یہ نشست قومی اساتذہ تنظیم بہار کے صوبائی صدر جناب تاج العارفین کی رہائش گاہ کڑھنی بلاک واقع نیر پور میں منعقد ہوئی۔ موقع پر موجود قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی کنوینر جناب محمد رفیع نے بڑی تعداد میں موجود مختلف سماجی شخصیات اور تنظیموں کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اساتذہ تنظیم نے گریجویٹ انتخابی حلقہ کے موجودہ انتخاب کے مدنظر تقریباً 10 ہزار ووٹرس بنانے کا عہد کیا ہے۔ تاکہ یہ انتخاب مؤثر ہو سکے۔ اسی مقصد کے تحت یہ میٹنگ منعقد کی گئی ہے۔ تنظیم کے سبھی اراکین اپنے اپنے حلقے میں پوری مستعدی کے ساتھ کوشاں ہیں کہ جتنے لوگ گریجوٹ ہیں ان کا نام ووٹر لسٹ میں جوڑا جا سکے، اسی مقصد کے تحت آج کی یہ نشست بلائی گئی ہے تاکہ اس کام کو اور بھی پر اثر طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے۔ موقع پر موجود شرکاء نے قومی اساتذہ تنظیم کے اس قدم کی ستائش کی اور انہوں نے تنظیم کی آواز میں آواز ملاتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اپنے حلقوں میں کوشش کر کے منظم طریقے سے لوگوں کا نام گریجویٹ انتخابی حلقہ ترہت کے ووٹر لسٹ میں اندراج کرانے کا کام کریں گے۔ نشست کی صدارت قومی اساتذہ تنظیم کے صوبائی صدر جناب تاج العارفین نے فرمائی اور انہوں نے کہا کہ ووٹ کی طاقت بڑی طاقت ہوتی ہے لیکن غیر منظم طریقے سے ووٹ کا استعمال ہماری اس طاقت کو کمزور بنا دیتا ہے اس لیے تنظیم نے یہ فیصلہ کیا کہ ووٹ کے انتشار کو روکا جائے اور منظم طریقے سے لوگوں کو ووٹر بنا کر ووٹ کا استعمال کیا جائے، اس سلسلے میں عام لوگوں کے اندر بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر قومی اساتذہ تنظیم بہار نے ہیلپ لائن نمبر 7091937560 جاری کیا تاکہ جن کو بھی ووٹر لسٹ میں نام اندراج کرانے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا ہو تو وہ اس نمبر پر رابطہ کر کے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ آج کی نشست کی شرکاء میں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی صدر تاج العارفین، کنوینر محمد رفیع، سیکریٹری محمد تاج الدین، ریاستی مجلس عاملہ کے رکن محمد رضوان، رضی احمد، نسیم اختر، محمد امان اللہ، وقار عالم، خازن محمد حماد، کڑھنی صدر اشفاق سلیمانی، جنرل سیکریٹری قمر اشرف، محمد بشیر، حافظ محمد رضوان اللہ اور بدیع الزماں وغیرہ شامل ہیں۔