تاثیر ۲۸ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ڈھاکہ، 28 اگست: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کی ہاتر جھیل سے منگل کی صبح 32 سالہ خاتون ٹی وی صحافی سارہ رہنما کی لاش برآمد ہوئی۔ وہ بنگالی زبان کے سیٹلائٹ اور کیبل ٹی وی چینل غازی ٹی وی کی نیوز روم ایڈیٹر تھیں۔
پولیس کے مطابق آج صبح ساگر نامی شخص نے جھیل میں ایک خاتون کو دیکھا۔ اسے میڈیکل کالج اسپتال (ڈی ایم سی ایچ) لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اپنی موت سے قبل سارہ نے منگل کی رات اپنے فیس بک پر فہیم فیصل نامی شخص کو ٹیگ کرتے ہوئے ایک اسٹیٹس پوسٹ کیا تھا – ’’آپ جیسا دوست پا کر خوشی ہوئی، اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے، امید ہے آپ اپنے تمام خواب جلد پورے کریں گے۔‘ مجھے معلوم ہے کہ ہم نے ایک ساتھ بہت سارے منصوبے بنائے تھے،معاف کریں۔ ہم اپنے منصوبے پورے نہیں کر سکے۔‘‘ ایک اور پوسٹ میں سارہ نے لکھا تھا،’’موت جیسی زندگی جینے سے بہتر ہے مر جانا۔‘‘
رپورٹ کے مطابق ان کے اپنے شوہرسید شفروکے ساتھ اختلافات چل رہے تھے اور دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ بھی کر لیا تھا تاہم سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے خلاف طلبہ کی تحریک اور بعدا زاں ان کے ملک سے فرار سے پیدا ہونے والی صورتحال میں اس فیصلہ پر عملدرآمد نہیں ہو سکا تھا۔