تاثیر ۲۹ اگست ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 29اگست:آئی پی ایل 2025 سیزن کی میگا آکشن سے پہلے لکھنؤ سپرجائنٹس نے اپنے ترکش میں ایک اورتیرجوڑ لیا ہے۔ لکھنؤ سپرجائنٹس نے ٹیم انڈیا کے سابق تیزگیند بازظہیرخان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ اس طرح ظہیرخان نے لکھنؤ سپرجائنٹس کے مینٹارکے طورپرٹیم انڈیا کے موجودہ کوچ گوتم گمبھیر کی جگہ لی ہے، جنہوں نے گزشتہ سال ٹیم کا ساتھ چھوڑا تھا۔ فرنچائزی نے بدھ 28 اگست کوکولکاتا میں ایک پریس کانفرنس میں ظہیرخان کونئے مینٹارکے طور پرپیش کیا۔لکھنؤ سپر جائنٹس میں ظہیرخان اب گوتم گمبھیرکی جگہ لیں گے۔گوتم گمبھیراس فرنچائزی کی شروعات سے ہی مینٹارتھے اورمسلسل دو سیزن تک ٹیم کا حصہ رہے۔ اس دوران فرنچائزی نے دونوں سیزن میں پلے آف کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ گوتم گمبھیرنے حالانکہ گزشتہ سال ٹیم کا ساتھ چھوڑ دیا تھا اورپھرکولکاتا نائٹ رائیڈرس کے مینٹاربنے تھے، جہاں انہوں نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کوآئی پی ایل 2024 کا چمپئن بنوایا۔ وہیں، لکھنؤاس سیزن میں پلے آف میں پہنچنے سے محروم رہ گئی تھی۔ ایسے میں فرنچائزی نے پھرسے مینٹارکو مقررکرنے کا فیصلہ کیا۔تقریباً 15 سال کے انٹرنیشنل کیریئرمیں ٹیم انڈیا کے لئے 600 سے زیادہ وکٹ لینے والے ظہیرخان گزشتہ کئی سالوں سے آئی پی ایل میں سپورٹ اسٹاف کے طورپرجڑے ہوئے ہیں۔ خود 100 آئی پی ایل میچ کھیلنے والے ظہیرخان نے لمبا وقت ممبئی انڈینس کے ساتھ گزارا، جہاں وہ کچھ سال تک فرنچائزی کے ڈائریکٹرآف کرکٹ رہے تھے۔ اس کے بعد 2022 میں انہیں پرموٹ کرتے ہوئے فرنچائزی کا گلوبل ہیڈ آف ڈیولپمنٹ بنایا گیا تھا۔ اس عہدے پرتقریباً 2 سال تک رہنے کے بعد ظہیرخان نے لکھنؤ کا دامن تھامنے کے لئے حامی بھردی۔