ٹرین میں مسافروں کو لوٹنے والے 59 خواجہ سرا گرفتار، 20 کو جیل بھیج دیا گیا

تاثیر  ۴  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جھانسی،04ستمبر: شمالی ریاست اتر پردیش میں ریلوے حکام نے مسافروں سے زبردستی پیسے بٹورنے والے کم از کم پانچ درجن خواجہ سراوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے کئی ایک کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔ٹرین سفر کے دوران تقریبا تمام مسافروں کا سامنا ٹرینوں میں خواجہ سراؤں سے ہوتا ہے۔ تاہم اب کچھ عرصے سے ٹرینوں میں خواجہ سراؤں کی جانب سے مسافروں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ خواجہ سرا مسافروں سے زبردستی پیسے بٹورتے ہیں۔ریلوے حکام کے مطابق خواجہ سراوں کی حرکتوں سے پریشان ہو کر مسافر اپنے مسائل کے ساتھ اسٹیشنوں پر تعینات آر پی ایف سے رجوع کرتے ہیں۔ان مسائل سے نمٹنے کے لیے ریلوے پروٹیکشن فورس نے اب ایک نئی پہل کی ہے۔انکے مطابق ٹرینوں میں وصولی کرنے والے خواجہ سراؤں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ اے پی ایف ان پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ریلوے نے 59 خواجہ سراؤں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ جس میں 20 خواجہ سراؤں کو جرمانہ عائد کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔روزانہ خواجہ سرا ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں سے زبردستی وصولی کر تے ہیں۔ وہ بدتمیزی کرنے اور انکار کرنے والوں پر حملہ کرنے سے بھی باز نہیں آتے۔ خواجہ سرا ٹرین کے مسافروں کے لیے درد سر بن گئے ہیں۔