تاثیر ۵ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ،5 ستمبر:استاد انسانی زندگی میں بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ایک اچھا استاد اپنے طلبہ کی زندگی بناتا بھی ہے اور بدلتا بھی ہے۔ بروز جمعرات ۵ ستمبر ۲۰۲۴کو کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام جی ایم مومن ویمنس کالج اڈیٹوریم میں یوم اساتذہ کے موقع پر جشن یوم اساتذہ کا اہتمام بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ کیا گیا۔ جس میں کوکن مسلم ایجوکیشن سوسائٹی کے تمام اداروں کے تقریبا نو سو اساتذہ و دیگر اسٹاف نے شرکت کی۔ پروگرام میں اساتذہ کی حوصلہ افزائی و پذیرائی کے ساتھ ان کی خدمات کا اعتراف بھی کیا گیا۔ جلسے کے کلیدی مقرر کی حیثیت سے مدیر انقلاب شاہد لطیف صاحب خصوصی طور پر مدعو تھے۔ اس موقع پر اساتذہ کو ایس ایس سی اور ایچ ایس سی بورڈ امتحان میں اپنے مضامین میں صد فیصد نتائج کے لئے انعامات اور ہر اسکول سے منتخب معلمین و معلمات کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ بھی دئے گئے۔ بھیونڈی شہر میں لڑکوں کی تعلیم کے معروف ادارے رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول سے عربی زبان کے معلم آصف خان جامعی اور انگریزی زبان کے معلم سرفراز احمد جاوید احمد ملا کو اپنے اپنے مضامین میں صد فیصد نتائج دینے پر انعامات سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی اسکول کی سینئر معلمہ مسلمہ سرور قریشی اور آصف خان جامعی کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں گزشتہ دو برسوں میں اسکول سے سبکدوش ہونے والے دو معلمین شبینہ مومن اور غلام دستگیر مومن کی بھی عزت افزائی کی گئی۔ کے ایم ای سوسائٹی کے صدر الماز فقیہ صاحب کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری دانیال قاضی، نائب صدر ایڈوکیٹ یسین مومن، خازن فہد بوبیرے، جوائنٹ سیکریٹری نوید کھربے، چئیرمین نوح خلیل پٹیل کے ساتھ ساتھ دیگر عہدیداران و اراکین اور اداروں کے پرنسپل صاحبان موجود تھے۔ اس موقع پر اسکول ہذا کے سربراہ پرنسپل محمد شبیر فاروقی اور اراکین عملہ نے اعزاز پانے والے سبھی معلمین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ (عبدالمنعیم مومن – شعبہ ئنشر واشاعت – رفیع الدین فقیہ بوائز ہائی اسکول، قریش نگر، اردو روڈ، نظامپورہ، بھیونڈی – ضلع تھانہ)