یوم اساتذہ کے موقع پر ایک سیمینار گورنمنٹ اردو لائبریری میںمنعقد ہوئی

تاثیر  ۵  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ5 ستمبر : گورنمنٹ اردو لائبریری کے زیر اہتمام یوم اساتذہ کے موقع پر ایک سیمینار گورنمنٹ اردو لائبریری کے چیرمین ارشد فیروز کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر ارشد فیروز نے کہا کہ عورتوںکی اخلاقی تعلیم کے ساتھ ساتھ مردوں میں اخلاقی تعلیم کی اشد ضرورت ہے ۔ اب تعلیم کا مقصد محض حصول روزگار رہ گیا ہے ۔ سماج میں اخلاقی تعلیم کو عام کرنا چاہیئے ۔ اخلاقی تعلیم دوسروں کو اخلاقی اقدار سکھانے کا عمل ہے۔ یہ گھر، اسکول، مندر، جیل، اسٹیج، یا کسی بھی سماجی جگہ پر دیا جا سکتا ہے۔ اخلاقیات کی تعلیم طلباء کو مختلف نقطہ نظر، ثقافتوں اور زندگی کے تجربات کو سمجھنے میں مدد کرتی ہے۔ اخلاقی تعلیم طلباء کی دوسروں کے تئیں ہمدردی میں اضافہ کرتی ہے اور انہیں زیادہ ہمدرد اور روادار بناتی ہے۔اس آپ گھر سماج اور ملک بہتر بنے گا
گورنمنٹ اردو لائبریری کے ممبر و سابق ڈسٹرکٹ جج اکبر رضا جمشید نے اس موقع پر کہا کہ استاد کو ہر قدم پھونک پھونک کر چلنا چاہیئے۔ استاد کی حیثیت سماج میں بہت ہی محترم و معتبر ہے ۔ ماں باپ سے بھی زیادہ استاد کی اہمیت ہوتی ہے ۔


گورنمنٹ اردو لائبریری کے ممبر محمد نسیم الدین احمد نے اس موقع پر کہا کہ یوم اساتذہ کی اہمیت یہ ہے کہ ہندوستانی ثقافت گرو اور شیشیا (استاد اور طالب علم) کے درمیان تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ یہ دن نہ صرف ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کی یوم پیدائش مناتا ہے، بلکہ یہ اساتذہ کی لگن اور محنت کا بھی احترام کرتا ہے۔ 5 ستمبر کو یوم اساتذہ اسی کی علامت ہے۔
گورنمنٹ اردو لائبریری کے ممبر ڈاکٹر انوارالہدیٰ نے کہا کہ کسی بھی انسان کیلئے تین ایسے اشخاص ہیں جن کا قرض کبھی بھی ادا نہیں ہوسکتا ۔ ماں ، باپ اور استاد نے انسان کے پرورش و پرداخت میں جو کارہائے نمایاں انجام دئے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ موجود ہ دور میں ہر سطح پر تنزلی کے ساتھ استاد بھی تنزلی سے مبریٰ نہیں ہیں ۔ استاد کا رتبہ اسلئے بڑا ہے کہ وہ نسل کی ذہنی و اخلاقی آبیاری کرتے ہیں ۔
آکسفیم کے ڈائریکٹر یعقوب اشرفی نے اس موقع پر انگریزی کی ایک نظم پیش کرکے استاد کی اہمیت سے سامعین کو روشناس کرایا ، انہوں بڑے مدلل طریقے سے استاد کی اہمیت و افادیت کو بتانے کی کوشش کی ۔
ڈاکٹر بی مشرا نے وید کے شلوک کے ذریعہ گرو کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر معروف شاعر کلیم اللہ کلیم دوست پوری، گورنمنٹ اردو لائبریری کے محمد اظہر الحق،عرفان صفدری، کلپنا کماری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ گورنمنٹ اردو لائبریری کے لائبریری انچارج پرویز عالم نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ اس موقع پر یوم لائبریرین کے موقع پر منعقد تقریری مقابلہ میں فاتحین کو چیک بھی دئے گئے