بنگلہ دیش کے جہازرانی کے سابق وزیرشاہجہان خان گرفتار

تاثیر  ۶  ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ڈھاکہ، 06 ستمبر: بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کے قریبی ساتھی اور ان کی جماعت عوامی لیگ کے اہم رہنما شاہجہان خان کو پولیس نے دارالحکومت کے ایک علاقے سے گرفتار کر لیا۔ یہ اطلاع ڈھاکہ سے شائع ہونے والے بنگالی اخبار پرتھم الو کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔
پرتھم الو کے مطابق، ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس (ڈی ایم پی) کے جوائنٹ کمشنر (نارتھ) ربیع الحسین نے شاہجہان خان کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ حسین نے بتایا کہ انہیں جمعرات کی رات دارالحکومت کے علاقے دھن منڈی سے گرفتار کیا گیا۔
مداری پور-2 حلقہ سے سابق ایم ایل اے نے جہاز رانی کے وزیر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ بنگلہ دیش ورکرز فیڈریشن کے ورکنگ صدر بھی ہیں۔ وہ پہلی بار 1986 میں مداری پور-2 حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر ایم پی منتخب ہوئے۔ انہوں نے 1991، 1996، 2001، 2008، 2014، 2018 اور 2024 میں عوامی لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا تھا۔