تاثیر ۱۶ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
چھپرہ 16 ستمبر (نقیب احمد) پیر کو پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر ضلع بھر میں جلوس محمدی نکالے گئے۔اس دوران مسلمانوں میں ایک الگ ہی جوش و خروش دیکھا گیا۔جلوس میں شامل ہونے کے لیے جع غفیر امنڈ پڑا۔سر پر شافا باندھے اور لقدق لباس میں ملبوس لوگ جلوس میں شامل تھے۔ایک ہاتھ میں مذہبی پرچم اور دوسرے میں ترنگا جھنڈا جشن کا ماحول بپا کر رہا تھا۔جلوس میں شامل گھوڑے،اونٹ اور مختلف قسم کی جھانکیاں توجہ کا مرکز تھیں۔جب کہ فضا نبی کی آمد مرحبا،سرکار کی آمد مرحبا اور آقا کی آمد مرحبا سے گونج رہی تھی۔جہاں علمائے کرام درود و سلام پیش کر رہے تھے۔ شعراء اور نعت خوان حمد، منقبت اور نعت پیش کر کے ماحول کو خوشگوار بنا رہے تھے۔راستے میں جگہ جگہ سبیل اور چائے کے اسٹال لگائے گئے تھے۔کئی مقامات پر عاشقان رسول پر پھولوں کی بارش کی گئیں۔
اس موقع پر دارالعلوم نعیمیہ،جامع مسجد میں منعقدہ ضلع سطحی جلسہ رات بھر جاری رہا۔جس میں ملک بھر کے نامور علمائے کرام نے کہا کہ حضرت محمدﷺ صرف مسلمانوں کے لیے نبی نہیں بلکہ وہ ساری دنیا کے لیے رحمت ہیں۔علمائے کرام نے ان کی سیرت اور تعلیمات پر روشنی ڈالی۔شعراء کرام و نعت خواں حضرات نے بھی محفل کو گلنار کیا۔نماز فجر کے بعد جلوس محمدی نکالا گیا جو جمنی مسجد پر اختتام پذیر ہوا۔دوسری جانب جامع مسجد بڑا تلپہ سے مولانا رجب القادری کی سرپرستی میں جلوس برآمد ہوا جو کھنواں تک آیا۔برہم پور سے حاجی آفتاب عالم کی قیادت میں جلوس شہر کے مشرقی سرے سے ہوتا ہوا مغربی سرے تک گیا۔ اس کے علاوہ مرچئیا ٹولہ،گڑھی تیر،دہیاواں وغیرہ کے ساتھ بنیا پور،کوپا،مشرکھ،دگھوارا،ایکما،داؤد پور،لہلاد پور،ترئیاں،نگارہ،مکیر،امنور،سونپور،دریا پور،مرزا پور،تیز پوروا، لاولہالن پور وغیرہ میں بھی جوش،باہمی ہم آہنگی اور حب الوطنی کے ساتھ جلوس نکالا گیا۔