تاثیر ۲۱ ستمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 21 ستمبر: راجدھانی لکھنؤ کے ٹھاکر گنج پولیس اسٹیشن کے تحت بے قابو کریٹا کار نے جمعہ کی رات دیر گئے رومی گیٹ کے قریب گاڑی سواروں اور راہگیروں کو کچل دیا۔ واقعہ کے بعد لوگوں کے ہجوم نے کافی دور تک کار کا پیچھا کیا اور ڈرائیور کو پکڑ کر بری طرح سے پٹائی کر دی ۔واقعہ سے مشتعل لوگوں کی گرفت سے پولیس نے کافی جدوجہد کے بعد ڈرائیور کوچھڑایا اور اسے گرفتار کرکے کارروائی شروع کی۔ اس دوران پانچ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ٹھاکر گنج تھانہ علاقے میں حسین آباد چوکی کے تحت رومی گیٹ کے قریب رات 12 بجے ایک بے قابو کار نے پہلے ایک شخص کو ٹکر ماری، لیکن ڈرائیور نے کار نہیں روکی۔ اس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار بڑھا دی اور بھاگنے لگا۔ اس دوران ایک کے بعد ایک کئی گاڑی سواروں اور پیدل چلنے والوں کو روندتے ہوئے کافی دور تک گاڑی کو بھگا لے گیا۔ جب لوگوں اور پولیس نے اس کا پیچھا کیا تو کار حسین آباد میں ایک کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے بعد مشتعل ہجوم نے کار پر حملہ کردیا اور ڈرائیور کو پکڑ کر بری طرح سے پٹائی کر دی ۔