ہماچل پردیش کے مخصوص اسکولوں میں اردو تدریس کی تیاری

تاثیر  ۵  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 05 اکتوبر:ہماچل پردیش حکومت نے شناخت شدہ اسکولوں میں کلاس چھٹے سے آٹھویں تک ایک اختیاری مضمون کے طور پر اردو زبان شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات قومی اقلیتی کمیشن کی ممبر سید شاہ زادی نے بتائی۔ جنہوں نے وزیر اعظم کے نئے 15 نکاتی پروگرام کے تحت نافذ ہونے والے اقلیتوں کے لئے فلاحی پروگراموں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی تھی۔شاہ زادی نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں، معاشی سرگرمیوں اور روزگار میں ان کے لئے ایک مساوی حصہ کو یقینی بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتوں کے موجودہ اور نئی اسکیموں کے ذریعے زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانا اور خود کو بااختیار بنانے کے لئے کریڈٹ سپورٹ میں اضافہ بھی اس پروگرام کے تحت یقینی بنایا جارہا ہے۔