تمام عقائد، مذاہب اور فرقوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا: یوگی آدتیہ ناتھ

تاثیر  ۷  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 07 اکتوبر: وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ کسی بھی ذات، مسلک یا فرقے سے تعلق رکھنے والے بزرگوں یا سنتوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے ناقابل قبول ہیں، لیکن احتجاج کے نام پر انارکی کو بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تہواروں کے پیش نظر پیر کو چیف سیکرٹری، ڈی جی پی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام کے ساتھ امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر مسلک اور فرقہ کے عقیدے کا احترام کیا جانا چاہئے۔ ہر شہری کے دل میں عظیم انسانوں کے تئیں احسان مندی کا جذبہ ہونا چاہیے لیکن اسے زبردستی کسی پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر کوئی شخص عقیدے سے کھلواڑ کرے گا، بزرگوں، دیوتاؤں، فرقوں وغیرہ کے عقیدے کے خلاف نازیبا ریمارکس کرے گا تو اسے قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے گی، لیکن تمام مذاہب اور فرقوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ احتجاج کے نام پر انتشار، توڑ پھوڑ یا آتش زنی قبول نہیں، جو بھی ایسا کرنے کی جرات کرے گا اسے قیمت چکانی پڑے گی۔