تاثیر 13 اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی ،13اکتوبر:۔کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا ریکارڈ 133 واں بین الاقوامی گول بنا ڈالا کیونکہ پرتگال نے نیشنز لیگ فٹ بال ٹورنامنٹ میں پولینڈ کو 3-1 سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں اسپین نے ڈنمارک کو 1-0 سے شکست دی تھی۔ رونالڈو نے 37ویں منٹ میں رافیل لیو کی شاٹ پوسٹ پر لگنے کے بعد ریباؤنڈ پر گول کیا۔ اس سے قبل برنارڈو سلوا نے پرتگال کی جانب سے پہلا گول 26ویں منٹ میں کیا۔ یہ رونالڈو کے کیریئر کا 906 واں گول تھا۔
رونالڈو اس سال کے شروع میں یورپی چمپئن شپ میں پرتگال کے لیے پانچ میچوں میں ایک بھی گول نہیں کر سکے تھے لیکن وہ نیشنز لیگ میں اب تک جتنے بھی تین میچ کھیل چکے ہیں ان میں گول کرنے میں کامیاب رہے۔ ان میں کروشیا کے خلاف کیا گیا گول بھی شامل ہے جو ان کے کیریئر کا 900 واں گول تھا۔ پولینڈ کی جانب سے واحد گول مڈفیلڈر پیوٹر زیلنسکی نے 78ویں منٹ میں کیا تاہم دفاعی کھلاڑی جان بیڈنریک نے کھیل کے اختتام سے دو منٹ قبل خود ہی گول کر کے پرتگال کی بڑی فتح کو یقینی بنایا۔

