اسرائیل ایران کے جوہری مراکز کو نشانہ نہیں بنائے گا : نیتن یاہو کا بائیڈن سے وعدہ

تاثیر  15  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

تل ابیب، 15 اکتوبر: حزب اللہ، حماس اور حوثی باغیوں کے حملے جھیل رہے اسرائیل کے رویہ میں اب تبدیلی آئی ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن سے وعدہ کیا ہے کہ ایران کے بیلسٹک میزائل حملے کے خلاف اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی میں ایران، لبنان اور شام کو چیلنج کرنے والی اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کی جارحانہ کارروائیوں کے درمیان غیر فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ٹائمز آف اسرائیل کی خبر کے مطابق نیتن یاہو نے بائیڈن کو بتایا کہ اسرائیل ایران کے جوہری اور توانائی کے مراکز پر حملہ نہیں کرے گا۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدارتی انتخابات میں تنازعہ سے بچنے کے لیے منصوبہ بند کارروائی میں نرمی کا اشارہ دیا ہے۔ تاہم خبروں میں اس تبدیلی کی وجہ اسرائیل کو جدید اینٹی بیلسٹک میزائل ایئر ڈیفنس سسٹم بھیجنے کا امریکی فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ایران نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر تقریباً 200 بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلانٹ نے پیر کے روز حماس کے ہاتھوں یرغمال بناے گئے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ یرغمالیوں کی رہائی پر جاری مذاکرات پر تعطل کا کوئی خاتمہ نظر نہیں آتا۔ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کو لبنان اور ایران کی حمایت سے حوصلہ ملا ہے۔