سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کی رنگداری مانگنے والا کو ممبئی پولیس نے کیا گرفتار

تاثیر  24  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 24 اکتوبر: ممبئی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر دھمکی آمیز پیغام میں اداکار سلمان خان اور لارنس بشنوئی گینگ کے درمیان تنازعہ حل کرنے کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ورلی پولیس نے جھارکھنڈ کے ایک 24 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار نوجوان کا نام حسین شیخ (24) ہے جو جمشید پور، جھارکھنڈ کا رہنے والا ہے۔ اس نے ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر دھمکی آمیز پیغام بھیج کر لارنس بشنوئی گینگ کے قریب ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس نے لارنس بشنوئی کے ساتھ اپنے دیرینہ تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے اداکار سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر رقم نہ دی گئی تو سلمان خان کی حالت بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو جائے گی۔ اس سلسلے میں 17 اکتوبر کو ورلی پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا تھا۔
یہ پیغام ملنے کے بعد ٹریفک پولیس نے ورلی پولیس کے ساتھ معاملہ درج کیا۔ جانچ کے بعد پتہ چلا کہ میسج بھیجنے والا شخص جھارکھنڈ کا رہنے والا ہے۔ اس کے بعد ورلی پولیس کی ٹیم اس کے موبائل نمبر کی مدد سے اس کے پاس پہنچی اور اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ اسی دوران ایک اور دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا ہے، جس میں گوہاٹی کے ایک 17 سالہ لڑکے کے اہل خانہ کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔