!……… بہار میں بہار ہے

تاثیر  28  اکتوبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

بہار این ڈی اے نے 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات میں220 سے زائد سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔ این ڈی اے کی ایک میٹنگ اس سلسلے میں فیصلہ لے کر ، اس کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ میٹنگ میں تمام ضلع صدور، ایم ایل اے، کونسلر اور ایم پی شریک تھے ۔نیشنل ڈیموکریٹک اتحاد (این ڈی اے) کا دعویٰ ہے کہ وہ پوری طاقت کے ساتھ الیکشن لڑے کااور نتیش کمار کی قیادت میں  ایک بار پھر حکومت بنائے گی۔ میٹنگ میں پنچایت سے لے کر اسمبلی سطح تک پارٹی کو مضبوط کرنے کا فیصلہ لیا گیا تھا۔ لئے گئے فیصلے کے مطابق اس کے لئے تمام کارکنوں کی میٹنگیں منعقد کی جائیں گی۔ اس بار این ڈی اے کا مقصد 2010 کے انتخابات کا ریکارڈ توڑنا ہے ۔ تب اسے زبردست اکثریت ملی تھی۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کارکنوں کی رہنمائی کی اور انہیں الیکشن جیتنے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ پارٹی نے یقین ظاہر کیا کہ عوام تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کی ترقی کے لیے کیے گئے کاموں کی بنیاد پر دوبارہ این ڈی اے کو منتخب کریں گے۔ پارٹی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 2025 میں این ڈی اے 220+ سیٹیں جیت کر حکومت بنائے گی۔ اس کی بنیاد یہ ہے کہ تمام ذاتوں اور مذاہب کے لوگوں کے لئے کام کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر، این ڈی اے نے 2025 کے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں اور پارٹی کو یقین ہے کہ عوام ایک بار پھر نتیش کمار کی قیادت پر اعتماد کریں گے
مذکورہ میٹنگ میں لئے گئے فیصلے کے مطابق 2025 میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات کو نشانہ بناتے ہوئے این ڈی اے نے کئی محاذوں پر تیاری شروع کر دی ہے۔ جہاں ایک طرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے لیے اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں، وہیں دوسری طرف سوموار کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر این ڈی اے رہنماؤں کی میٹنگ ہوئی۔میٹنگ میںکئی بڑے لیڈروں نے شرکت کی۔ سب کو بتایا گیاس کہ نچلی سطح پر کارکنوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ جے ڈی یو کے ریاستی صدر امیش کشواہا کا کہنا ہے کہ عموماََ پارٹی میٹنگیں اعلیٰ قیادت کے درمیان ہوتی ہیں۔ میٹنگ میں ہمارا تال میل دیکھنے کو ملتا ہے۔، لیکن زمینی سطح پر اس کی کمی ہے۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی مسلسل ترقیاتی اسکیموں کو زمین پر نافذ کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ نتیش کمار نے پچھلے جمعرات کو ہی 7180 کروڑ روپے کی2615 پنچایت بھونوں اور پنچایتی راج محکمہ کے تحت ریاستی پنچایت ریسورس سینٹر، سون پور کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔  اس کے ساتھ ہی 13 ضلع  پنچایت وسائل مراکز، 65 پنچایت بھونوں، ای گرام کچہری کورٹ مینجمنٹ سسٹم اور ضلع پریشد پورٹل کا بھی افتتاح کیا گیا۔  اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے گزشتہ ہفتے 1239 نئے تعینات ہونے والے پولیس سب انسپکٹرز کو تقرری سرٹیفکیٹ بھی حوالے کیے۔ بتایا جاتا ہے کہ اگلے چھ ماہ میں 78 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو بحال کیا جانا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی طور پر یہ ہدف ڈی جی پی کو دیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں میں مختلف آسامیوں پر پانچ لاکھ نئی تقرریاں کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریاست میں بہت سی اسکیمیں ہیں ،جن کا جلد ہی افتتاح ہونے والا ہے۔ اگلے سال مارچ تک کئی راستے اور پل تیار کرنے کا نشانہ ہے۔ مشن 2025 کو ذہن میں رکھتے ہوئے جے ڈی یو نے تمام اسمبلی حلقوں میں کانفرنسیں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پروگرام دسمبر تک مکمل ہو جائے گا۔ کانفرنس کے دوران ضلعی کانفرنسوں کی تاریخوں کا بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ نئے ہدف کے ساتھ این ڈی اے نے انتخابات میں کم سے کم 225 سیٹیں جیتنے کا منصوبہ بنا یا ہے۔ کانفرنس میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معلومات بھی شیئر کی جائیں گی۔
جے ڈی یو کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ مشن 2025 کو ذہن میںرکھ کر دیکھا جاتا ہے تو اسمبلی کانفرنس کا تھیم نمبر    2251  نکلتا ہے۔ اس اعتبار سے اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کا ہدف بھی 225 سیٹیں ہے۔ چنانچہ تمام اسمبلی حلقوں میں کانفرنسیں منعقد کرکے پارٹی سے وابستہ لوگوں کو بتایا جائے گا کہ ہمیں 225 کی تعداد کو ذہن میں رکھنا ہے ۔ جے ڈی یو کے مقامی قائدین، ایم ایل ایز، ممکنہ امیدوار اور پارٹی کارکنان کانفرنسوں میں شرکت کریں گے۔ ان کانفرنسوں سے پارٹی کے سرکردہ رہنما بھی خطاب کریں گے۔  تیاری کے ایک حصے کے طور پر، جے ڈی یو ہر اسمبلی حلقہ کے لیے علیحدہ ڈیٹا شیٹ تیار کر رہی ہے۔ ان میں نتیش کمار حکومت کے ترقیاتی کاموں اور اسکیموں کی تفصیلات ہوں گی۔ ڈیٹا شیٹ بتائے گی کہ کس اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں پر کتنی رقم خرچ ہوئی ہے۔ اس میں سماجی تحفظ کی اسکیموں کے بارے میں بھی معلومات شامل کی جائیں گی۔ کانفرنسوں میں یہ بھی طے کیا جائے گا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں الیکشن کیسے لڑا جائے گا اور کن کن مسائل کو اہمیت دی جائے گی۔ لوگوں سے کیسے جڑنا ہے اور پارٹی کارکنوں کو کس طرح متحرک رکھنا ہے اس پر بھی بات کی جائے گی۔پارٹی کے کچھ سینئرس کا کہنا ہے اس بار جےڈی یو کا نشانہ زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل کر کےسبھی حلیف جماعتوں پر اپنا دبدبہ قائم کرنا ہے۔ اگر ایسا ہو گیا توایک بار پھر یہی نعرہ سب کی زبان پر ہوگا ’’ بہار میں بہار ہے………  !
********************