اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کیلئے بین الاقوامی عدالت انصاف کے احکامات پر عمل کرے:اقوام متحدہ

تاثیر  09  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نیویارک،09نومبر:اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ اسرائیل کو فوری اور مکمل طور پر جنوری 2024 میں بین الاقوامی عدالت انصاف کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ تاکہ فلسطینیوں کی جاری نسل کشی روکی جا سکے۔وولکر ترک نے اس موقع پر ریاستوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی عدالت انصاف کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عمل کر کے بین الاقامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کریں اور اسرائیل کو دیے جانے والے اسلحے کا جائزہ لیں۔
انہوں نے کہا اس سلسلے میں اسرائیل کو اسلحے کی منتقلی، لاجسٹکس اور مالی امداد کو بھی دیکھیں کہ ان کی وجہ سے اسرائیل کو فلسطینیوں کی نسل کشی میں کہاں کہاں اور کیسے مدد مل رہی ہے۔ جس کے نتیجے میں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ کی طرف سے یہ انتباہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کے بارے میں پیش کی گئی تازہ رپورٹ کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔جمعہ کے روز جاری کی گئی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر جانتے بوجھتے شہری تباہی کی جائے ، پوری آبادی میں یا کسی حصے میں تباہی کی جائے، نسلی بنیادوں پر یا مذہبی بنیادوں پر کسی گروہ کو قتل کیا جائے جیسا کہ اسرائیل کر رہا ہے تو یہ نسل کشی قرار پائے گا۔