کشتواڑ کے کیشوان تصادم میں فوج کے چار اہلکار زخمی

تاثیر  10  نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

جموں, 10 نومبر: جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے دور دراز جنگلاتی علاقے کیشوان میں اتوار کے روز فوج اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ جمعرات کو دو دی ڈی جیز کے قتل کے بعد دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن میں تیزی لائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق، دہشت گردوں نے وی ڈی جیز کو اغوا کرکے قتل کیا تھا جس کے بعد جمعرات کی شام سے کنتواڑہ اور کیشوان کے جنگلات میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔فوج کے جموں میں قائم وائٹ نائٹ کور نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کے حوالے سے مخصوص انٹیلیجنس اطلاع کی بنیاد پر سیکورٹی فورسز نے کشتواڑ کے عمومی علاقے میں مشترکہ آپریشن کا آغاز کیا۔ یہ وہی گروپ ہے جس نے دو معصوم وی ڈی جیز کو اغوا اور قتل کیا۔ حکام نے بتایا کہ ابتدائی جھڑپ میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں تین اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ ان دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ جاری ہے جو دونوں وی ڈی جیز کے قتل میں ملوث ہیں۔حکام کے مطابق تین یا چار دہشت گرد علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں اور آخری اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔