تاثیر 27 نومبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
پونے، 27 نومبر: پرو کبڈی لیگ (پی کے ایل) سیزن 11 کے پلے آف اور فائنل 26 دسمبر سے 29 دسمبر 2024 تک بالی واڑی اسپورٹس کمپلیکس، پونے کے بیڈمنٹن ہال میں منعقد ہوں گے۔ لیگ مرحلے میں سرفہرست دو ٹیمیں براہ راست سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جبکہ تیسرے، چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیمیں 26 دسمبر 2024 کو ایلیمینیٹر مرحلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کا مقابلہ ایلیمینیٹر 1 میں چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیم سے ہوگا۔ اور چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کا مقابلہ ایلیمینیٹر 2 میں پانچویں پوزیشن کی ٹیم سے ہوگا۔ لیگ کے آرگنائزر مشال اسپورٹس نے بدھ کو مذکورہ بالا اعلان کیا۔ ایلیمینیٹر 1 کی فاتح کا مقابلہ سیمی فائنل 1 میں ٹیبل ٹاپ کرنے والی ٹیم سے ہوگا اور ایلیمینیٹر 2 کی فاتح کا مقابلہ 27 دسمبر 2024 کو سیمی فائنل 2 میں دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم سے ہوگا۔ اس کے بعد گرینڈ فائنل 29 دسمبر 2024 کو ہوگا جس میں پی کے ایل سیزن 11 کے فاتح کا فیصلہ کیا جائے گا۔لیگ فی الحال نوئیڈا میں ہے جس کے میچ یکم دسمبر تک نوئیڈا انڈور اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ اس کے بعد یہ ٹورنامنٹ پونے میں 3 سے 24 دسمبر تک چلے گا جس کے بعد پلے آف مقابلے ہوں گے۔