راہل گاندھی کی ہندوستانی شہریت ختم کرنے کی اپیل پردہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت سے اسٹیٹس رپورٹ طلب کی

تاثیر  6  دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 6 دسمبر: دہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو اس عرضی پر اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت کی ہے جس میں وزارت داخلہ کو لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی ہندوستانی شہریت کو ختم کرنے کے مطالبے پر فیصلہ لینے کا حکم دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس ویبھو بکھرو کی سربراہی والی بنچ نے مقدمے کی اگلی سماعت 13 جنوری 2025 کو کرنے کا حکم دیا۔
درخواست گزار بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے خود دلیل دی تھی کہ انہوں نے 2019 میں وزارت داخلہ کو لکھا تھا کہ بیک اپس لمیٹڈ 2003 میں برطانیہ میں رجسٹرڈ ہوئی تھی اور راہل گاندھی اس کمپنی کے ڈائریکٹروں میں سے ایک تھے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کی جانب سے 10 اکتوبر 2005 اور 31 اکتوبر 2006 کو داخل کیے گئے سالانہ انکم ٹیکس ریٹرن میں کہا گیا ہے کہ راہل کی شہریت برطانیہ کی ہے۔