تاثیر 8 دسمبر ۲۰۲۴:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ (فضا امام ) 7 دسمبر: ڈائریکٹوریٹ آف اردو، کابینہ سکریٹریٹ محکمہ، حکومت بہار کے زیراہتمام ضلع اردو زبان سیل کی طرف سے دربھنگہ ڈی ایم سی ایچ آڈیٹوریم میں فروغِ اردو سیمینار اور مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا افتتاح ضلع مجسٹریٹ مسٹر راجیو روشن، آئی اے ایس، پروفیسر ایم جے وارثی، چیئر پرسن شعبہ لسانیات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، مسٹر ستیندر پرساد، جوائنٹ ڈایریکٹر ضلع تعلقات ورابطہ عامہ، دربھنگہ، مسٹر آلوک کمار، ضلع فلاح افسر، دربھنگہ، محمد انوار احمد انصاری، ترجمہ وانچارج افسر، ضلع اردو زبان سیل نے شمع روشن کر کے کیا، قبل ازیں ضلع مجسٹریٹ کے دست مبارک سے پروفیسر وارثی کو اردو زبان وادب کی ترویج واشاعت میں ان کی نمایاں خدمات کی بنیاد پر سند اعزاز اور مومنٹو سے نوازا گیا۔ ضلع اردو زبان سیل کی طرف سے ضلع مجسٹریٹ کو مومنٹو پیش کیا گیا۔ تقریب کو خطاب کرتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ مسٹر راجیو روشن نے محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے حسب ہدایت ہرسال ہونے والے فروغ اردو سمینار، ضلعی عمل گاہ ومشاعرہ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اردو زبان شیریں زبان ہے، یہ ہمارے ملک کا ٹقافتی ورثہ بھی ہے، ہماری نسل کو آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنی ثقافت سے جڑی ہوئی چیزوں سے بھی تعلق برقرار رکھنا چاہیے۔ اردو زبان اپنی روشن تاریخ رکھتی ہے، بہار کی دوسری سرکاری زبان کا درجہ رکھتی ہے، دربھنگہ اس بات پر فخر کرسکتا ہے کہ یہاں اس کے چاہنے والوں بڑی تعداد ہے۔ انھوں نے تقریب میں شریک ہونے والے سبھی اردو اساتذہ کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ضلع اردو زبان سیل کے زیر اہتمام شائع ہونے والے ضلع اردو نامہ کی رسم اجرا بھی ضلع مجسٹریٹ اور اردو عملہ ومعزز افسران کے دست مبارک سے انجام دی گئی۔ پروفیسر جہاں گیر وراثی نے ڈی ایم صاحب کی باوقار موجودگی کے دوران اپنے خطاب میں فروغ اردو سمینار کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے صلع اردو سیل دربھنگہ کو اردو کی ترویج کا سنگ میل قرار دیا انھوں نے ضلع مجسٹریٹ کی اردو سے دلچسپی کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر کلیم الحق صدر جمہوریہ ایوارڈ یافتہ پرنسپل نے اپنے زریں کلمات سے اردو اساتذہ کو استعداد سازی کے حوالے سے اہم نکات بتائے۔ تقریب میں بحیثیت اردو دانشوران میں شامل ڈاکٹر مجاہد الاسلام، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو لکھنو کیمپس، ڈاکٹر ندیم اشرف اسسٹنٹ پروفیسر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے بھی اردو کی ترویج واشاعت کے حوالے خطاب کیا۔ اردو مندوبین کی حیثیت سے شامل ڈاکٹر مطیع الرحمن، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو للت نارائن متھلا یونیورسٹی، ڈاکٹر مجیر احمد آزاد اور ڈاکٹر احسان عالم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ محمد انوار احمد انصاری ترجمہ افسر نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ سیمنار کی نظامت ضلع اردو زبان کے دربھنگہ کلکٹریٹ کے مترجم ڈاکٹر جسیم الدین نے بحسن وخوبی کی۔ بعد ازاں مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا مشاعرے کی صدارت ریبر چندن پٹوی نے کی جبکہ نظامت ڈاکٹر منور راہی نے کی۔ شعرا میں رسول ساقی، خلیق الزماں نصرت، انور آفاقی، ڈاکٹر عطا عابدی، مشتاق دربھنگوی، منظر الحق منظر صدیقی، عرفان احمد پیدل، ڈاکٹر منصور خوشتر ، نصرت فاطمہ اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ کلمات تشکر کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔