تاثیر 9 دسمبر ۲۰۲۴
سروس سے متعلقہ 138 معاملات کا نپٹارہ، 126 کو ملی سرکاری ملازمتیں
ممبئی، 9 دسمبر (نمائندہ) مہاراشٹرا ایڈمنسٹریٹو ٹربیونل (ایم اے ٹی)کی 33 سالہ تاریخ میں پہلی بار لوک عدالت کا انعقادکرکے سروس سے متعلق 542 میں سے 138 مقدمات کا نپٹارہ کامیابی کے ساتھ کیا گیا۔ یہ اختراعی پہل ٹربیونل کی چیئرپرسن جسٹس مردولا بھٹکر کی رہنمائی میں عمل میں آئی۔اس میں لوک عدالت ایم ٹی اے اور بامبے ہائی کورٹ کی قانونی خدمات کمیٹی کی مشترکہ کوشش بھی شامل تھی۔لوک عدالت کے لئے تین پینل بنائے گئے تھے، جس میں جسٹس ونے جوشی، ریٹائرڈ ممبران (جسٹس) اے پی کورہیکر اور آر بی ملک پینل کے سربراہ تھے۔ دیگر اراکین میں نتن گدرے (ناگپور)، وجے کمار (اورنگ آباد)، وجئے چوہان، سندیش تڈوی، آر ایم کولگے اور ایم بی کدم شامل تھے۔

چیف پریزنٹنگ آفیسر سواتی منچیکر نے کئی سالوں سے زیر التوا مقدمات کی جانچ کی۔ ممبئی، ناگپور، اور چھترپتی سمبھاجی نگر کی تینوں بنچوں میں 542 کیس لائے گئے۔ ان میں سے 138 معاملات حل کا نپٹارہ کیا گیا۔ان میں ممبئی بنچ میں 238 میں سے 39 کیسز، ناگپور بنچ میں 150 میں سے 63 کیسز اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 154 میں سے 36 کیس شامل ہیں، تین معاملوں میں 126 امیدواروں کو سرکاری ملازمت دینے کا حکم جاری کیا گیا۔

محکمہ آبی تحفظ میں 171 اور محکمہ زراعت میں218 عہدے در اصل سابق فوجیوں کے لیے مخصوص تھے۔ چونکہ اہل سابق فوجی امیدوار تمام عہدوں کے لیے دستیاب نہیں تھے، اس لیے بقیہ خالی اسامیاں ایک تصفیہ کے ذریعے دوسرے امیدواروں کو الاٹ کی گئیں۔ آج کا یہ نپٹارہ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ سابق فوجیوں کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ ہو اور سبھی 126 امیدواروں کو ملازمتیں بھی فراہم کی جائیں۔ لوک عدالت کی کامیابی چیف سکریٹری سجاتا سونک کی رہنمائی میں مختلف محکموں کے سکریٹریوں، ٹریبونل کے عہدیداروں اور عملہ، پریزنٹنگ افسران، ٹریبونل بار ایسوسی ایشن کے وکلاء اور حکومت کے نوڈل افسران کے تعاون سے ممکن ہوئی۔

